سری نگر/07؍اگست//کشمیر انفو//
ڈائریکٹوریٹ ہینڈ لوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کشمیر نے 7؍ اگست 2023ء کو کشمیر ہاٹ سری نگر میں نواں ہینڈ لوم کا قومی دِن منایا ۔ہینڈ لوم کا قومی دِن ہر برس 7؍ اگست کو سودیشی تحریک کی یا د میں منایا جاتا ہے جس کا آغاز اس دِن 1905ء میں ہوا تھا۔یہ تقریب کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ کی صدارت میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر محمود احمد شاہ کے ساتھ منعقد ہوئی۔تقریب میں جوائنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر ، جوائنٹ رجسٹرار اِنڈسکوس کشمیر ، ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹران ہینڈی کرافٹ اینڈ ہینڈ لوم کشمیر ،ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کے دیگر عملے کے ممبران ، مختلف دست کاروں ، بُنکروں اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے ممبران نے بھی شرکت کی۔دورانِ تقریب ویور کمیونٹی میں ویوررجسٹریشن سر ٹیفکیٹس اور مدرا منظور ی نامے بھی تقسیم کئے گئے۔اِس موقعہ پر مختلف کلسٹروں کے سٹالوں اور سکول آف ڈیزائنز کے قدیم ٹیکسٹائل نوادرات بھی لگائے گئے جو صوبہ کشمیر کے ہینڈ لوم کے شاندار ورثے کو پیش کرتے ہیں۔محکمانہ سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش میں حصہ لینے والے بُنکروں میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے اور جے کے سنگل وِنڈو پورٹل کے ذریعے بُنکروں کی آن لائن رجسٹریشن بھی کی گئی۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے مختلف محکمانہ سکیموں سے ہینڈ لوم سیکٹر کو فروغ دینے اور پشمینہ شالوں کی جی آئی ٹیگنگ کے اِنعقاد میں محکمہ کی کوششوں کو سراہا جو صوبہ کشمیر میں دستکاری کے تحفظ اور ہاتھ کی بُنائی کو فروغ دینے میں اِنقلابی ثابت ہوا ہے۔کمشنر سیکرٹری نے ویور کمیونٹی کو مزید یقینی بنایا کہ جے کے ٹی پی او اور ہینڈ لوم سیکٹر کے دیگر محکموں سے بُنکروں کو مناسب مارکیٹنگ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔