ملک بھر کیساتھ ساتھ مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں کشمیر میں گزشتہ دو روز سے ترنگا ریلیوں کا انعقاد شدو مد کیساتھ جاری۔ ان ریلیوں میں جہاں پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران و اہلکاران شامل ہوتے ہیں وہیں عام لوگوں کیساتھ ساتھ طلبہ کی بھاری اکثریت ان ریلیوں میں شامل ہوئیں۔ گزشتہ سال بھی ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا تاہم اُس وقت یہ ریلی محدود رہی اور چند ہی علاقوں سے ہوکر کرگل جاپہنچی تاہم امسال وادی چپے چپے میں جموں کشمیر کے عوام بالخصوص نوجوان طلبا کی ایک بڑی تعداد نے ہاتھوں میں ترنگا اُٹھاکر شہر شہر اور گائوں گائوں گھوم کرجموں کشمیر میں دفعہ 370کی منسوخی کے مابعد ان چار برسوں میں زمینی سطح پرہوئی تبدیلی کا ثبوت دیا۔اس سلسلے میں اہم تقریب 13اگست 2023کو ایس کے آئی سی سی میں علی الصبح منعقد کی گئی جہاں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ترنگا ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ترنگا ریلی ایس کے آئی سی سی کے احاطہ سے مارچ کرتے ہوئے زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع بوٹونیکل گارڈن کے پاس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس ترنگا ریلی میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جس میں نوجوان طلبہ و طالبات کی ایک بہت بڑی تعداد شامل تھی۔ نوجوان طلبا و طالبات کے ہاتھوں میں ترنگے کو اُٹھاکر وادی کشمیر سے ایک نیا پیغام دنیا کے جانب روانہ ہوا۔ اس سے قبل وادی میں ترنگا کو اُٹھانے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا لیکن دفعہ 370کی منسوخی کے بعد زمینی سطح پر گزشتہ چار برسوں کے اندر جو نمایاں اور خصوصی تبدیلیاں رونما ہوئیں اُن میں لوگوں کے اندر ڈر نام کی چیز مکمل طور سے غائب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ادھر دارالخلافہ سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر اضلاع اور قصبہ جات میں بھی ترنگا ریلیاں نکالی گئیں جن میں پنچ، سرپنچ، ڈی ڈی سی ممبران، عوامی نمائندے، طلبا و طالبات، تجار، سول سوسائٹی ممبران، این جو اُوز کے علاوہ عام لوگوں کی ایک وسیع تعداد نے شرکت کی۔ شمالی کشمیر کے دور اُفتادہ علاقوں اور سرحد سے متصل گائوں دیہات میں بھی گزشتہ دو روز سے ترنگا ریلیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے جہاں مرد و خواتین ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میںترنگا ریلی کو ہری جھنڈی دکھانے کی تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج سرینگر اور وادی کشمیر کے عوام نے اس بات کو محسوس کیا ہے کہ ترنگا کا وقار برقرار رکھنے میں ہی ملک کی عزت اور وقار شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے آج لوگوں کی بھیڑ دیکھ کر اور اُن کے ہاتھوں میں ترنگا دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ آج یہ ثابت ہوگیا ہے کہ دفعہ 370کی تنسیخ کے مابعد چار برسوں کے اندر زمینی سطح پر جو تبدیلی رونما ہوئی ہے اُس کا اظہار آج ترنگا ریلی میں لوگوں نے کرکے دکھایا۔ انہوں نے اس موقعہ پر لوگوں کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں 15اگست کو وادی بھر میں اپنے اپنے علاقوں میں منعقد ہونیوالی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔