جموں /06 ؍دسمبر:
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے جموں و کشمیر میں روزگار کے اِمکانات کو تقویت دینے کی سمت میں ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج یہاں گورنمنٹ پولی تکنیک کالج میں ایک میگا جاب میلے کا اِفتتاح کیا۔
اس تقریب کا اِنعقاد لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اِشتراک سے کیا تھا جس کا مقصدروزگار کے متلاشیوں کو ممکنہ آجروں سے جوڑنا اور روزگار کے متلاشیوں اور آجروں کے درمیان خلیج کو ختم کرنا، معاشی ترقی کو فروغ دینا اور خطے میں بے روزگاری کے چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔
اِس موقعہ پرکمشنر سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سوربھ بھگت۔سیکرٹری ایل ای ڈی ریحانہ بتول، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، ڈائریکٹرسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، پرنسپل گورنمنٹ پولی تکنیک کالج جموں اور ایس ڈی ڈی اور ایل ای ڈی کے سینئر افسران موجود تھے۔
جاب میلے میں آن لائن رجسٹریشن کرنے والے زائد اَز 12,000 روزگارکے متلاشی اَفراد نے اِس تقریب میں شرکت کی۔ مختلف شعبوں میں 8,000 سے زیادہ اَسامیاں رکھنے والی تقریباً 120 کمپنیاں اور آجر اس میگا ایونٹ کا حصہ تھے۔ خود روزگار سکیموں کو عملانے والے سرکاری محکموں نے روزگار کے متلاشیوں کے فائدے کے لئے مقام پر سٹال بھی لگائے۔
اِس موقعہ پر مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے مختلف روزگار فراہم کنندگان سے اِستفساری گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میگا جاب میلہ اِقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور باصلاحیت اَفرادی قوت کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آجروں اور روزگارکے متلاشیوں کو اکٹھا کرکے ہمارا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم بنانا ہے جو باہمی فائدے کی سہولیت فراہم کرے۔
اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے مختلف ملازمتوں کے متلاشیوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں روزگار حاصل کرنے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے بات چیت کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ جاب میلہ آجروں اور روزگار کے متلاشیوں دونوں کے لئے ایک میگا پلیٹ فارم ہے کیوں کہ یہ ان دونوں کو اُن کی ضروریات کے مطابق مواقع فراہم کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔
میلے کے دوران مشیرموصوف نے مختلف کاروباری اداروں اور روزگار فراہم کرنے والے دیگر اداروں کی طرف سے لگائے گئے تمام سٹالوں کا معائینہ کیا۔
اس تقریب میں آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، فائنانس، مینوفیکچرنگ اور دیگر صنعتوں کی ایک متنوع رینج کی نمائش کی گئی جس میں مختلف ہنرمندوں کے حامل اُمیدواروں کے لئے ملازمت کے بہت سے مواقع پیش کئے گئے۔ شرکت کرنے والی کمپنیوں کو انٹرویوز، نیٹ ورکنگ سیشنوں اور معلوماتی پرزنٹیشنوں سے ممکنہ ملازمین کے ساتھ مشغول ہونے کا موقع ملا۔
مقامی کاروباری اِداروں، قومی کارپوریشنوں اور سرکاری اِداروں نے اس کام کو ایک جامع کامیابی بنانے کے لئے ہاتھ ملایا۔ مشترکہ کوشش جموں میں ایک مضبوط اورفروغ پذیر جاب مارکیٹ بنانے کے مشترکہ ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔
مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جاب میلہ کے موقعہ پرہوٹل ایسوسی ایشن، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، اوورسیز پلیس منٹ ایجنسیوں اور سرکردہ ملازمت فراہم کرنے والوں کے نمائندوںکے ساتھ تفصیلی بات چیت بھی کی۔
مشیر موصوف نے بات چیت کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ میگا جاب میلہ بے روزگاری سے نمٹنے اور ہنرمندی کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے بڑے اَقدامات سے مطابقت رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ تقریب جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے اِقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک ایسا ماحول بنانے کے لئے ہمارے عزم کو بھی واضح کرتی ہے۔
اُنہوں نے کاروباری کمیونٹی اور دیگرشراکت داروں کو یقین دلایا کہ حکومت اُنہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ان سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ صنعتی شعبوں کی تجاویز کے ساتھ آگے آئیں جو حکومت کو اس پر ضروری پالیسی مداخلت شروع کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔
اس موقعہ پر مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے اس میگا جاب فیئر تمام شرکأ کا شکریہ اَدا کیا۔
سیکرٹری لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ نے بات چیت کے دوران خطاب کرتے ہوئے محکمہ کی سرگرمیوں اور جموںوکشمیر یوٹی بھر میں اس قسم کی تقریبات کے اِنعقاد کے مقصد پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں اس طرح کی مزید تقریبات منعقد کرنے پر زو ردیا۔
مشیر موصوف نے میلے کے دوران مختلف اُمیدواروں میں ملازمت کے پیشکش نامے بھی تقسیم کئے اور انہوں نے نوجوانوں کو ٹرانسپورٹ کے کاروبار میں قدم رکھنے کے لئے چابیاں بھی پیش کیں۔
یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ میلے کے دوران 52 اُمیدواروں نے موقعہ پر ہی آفر لیٹر حاصل کئے جبکہ 3,263 اُمیدواروں کو مختلف کمپنیوں کی اہلیت اور ضروریات کی بنیاد پر دوسرے راؤنڈ کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا۔