سردیوں میں جموں کشمیر کیلئے مناسب بجلی کی فراہمی کا دلایا یقین
نئی دہلی /08 ؍دسمبر//
مرکزی وزیربجلی آر کے سنگھ اور جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں جموںوکشمیر کے پاور سیکٹر کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ راجیش پرساد نے محکمہ کی حالیہ کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر نے قلیل مدتی اور درمیانی مدت کے اَقدامات کے ایک حصے کے طور پر بجلی کی کافی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے بہت سے فعال اقدامات کئے ہیں۔ اس سمت میں رواں برس کے دوران 2,500 میگاواٹ کے پی پی اے پر دستخط کئے گئے ہیں جس کا مقصد آنے والے برسوں میں جموںوکشمیر یوٹی کے لئے موجودہ بجلی کی دستیابی کو دوگنا کرنا ہے۔مرکزی وزیر بجلی نے کہا کہ وزارت کا ایک سینئر آفیسر نوڈل آفیسر کے طور پر کام کرے گا جو بجلی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور جموں و کشمیر کو مناسب بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سینٹرل پول سے کسی بھی خلا کو دور کرنے کے لئے ذمہ دار ہوگا۔دورانِ میٹنگ سمارٹ میٹرنگ ایک اہم بحث کے نقطہ کے طور پر ابھرکر سامنے آئی۔ مرکزی وزیر نے منصوبے پر عملدرآمد کرنے والی ایجنسی آر ای سی پی ڈی سی ایل کو سمارٹ میٹنگ کو تیزی سے عملانے کی ہدایت دی جس میں ایم ڈی ایم کے ساتھ انضمام سمیت اِختتامی حل کو یقینی بنانا، پری پیڈ فعالیت اور دیگر سمارٹ فیچروںکو فعال بنانا تاکہ ٹیکنالوجی کے فوائد مؤثر طریقے سے صارفین تک پہنچ سکیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر کو متروک تاروں اور نیٹ ورک کے دیگر عناصر کے جاری رکھنے کے بارے میں آگاہ کیا بالخصوص دیہی علاقوں میںجو بجلی کی غیر ضروری رکاوٹوں کا سبب بنتے ہیں۔ وزیر موصوف نے اس کے لئے ایک جامع تجویز پر زور دیا اور نظام کی اِصلاح کے لئے خاطر خواہ فنڈنگ کی یقین دہانی کی۔تکنیکی امور کے علاوہ میٹنگ کی ایک قابل ذِکر بات یہ تھی کہ مرکزی وزیر برائے پاور اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے 4اِی ویو۔ اے سٹوڈنٹ لیڈ نیشنل موومنٹ فار اَنرجی کنزرویشن کا آغاز کیا گیا۔تحریک دیرپا طریقوں کو فروغ دینے اور بجلی کی بچت کے لئے افراد اور کمیونٹیوںمیں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (جی سی ای ٹی)جموں کے طلباء سے شروع ہونے والی یہ نوجوانوں کی قیادت والی تحریک جو جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور بیورو آف انرجی ایفیشینسی (بی ای ای)، وزارت توانائی کے تعاون سے شروع کی گئی ہے، مرکزی حکومت ملک بھر کے افراد کو توانائی کے تحفظ کے اہم مقصد میں حصہ لینے کے لئے مدعو کرتی ہے۔4 اِی ویو کی افتتاحی تقریب کے دوران معززین نےwww.4ewave.com نامی ویب پورٹل کی بھی نقاب کشائی کی جو ملک بھر میں شہریوں کو توانائی کے تحفظ سے متعلق معلومات اور وسائل کے تبادلے کے لئے ایک انٹرایکٹیو پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔صارف دوست پورٹل کو تحریک میں آن بورڈنگ کے لیے رجسٹریشن کے ایک سادہ عمل کی ضرورت ہوتی ہے اور شرکأ کو رجسٹریشن پر اعترافی سرٹیفکیٹ فراہم کئے جاتے ہیں۔ کوئی بھی ہندوستانی شہری اس مہم کا حصہ بن سکتا ہے۔ اس پہچان کے علاوہ، شرکأ بہت سے فوائد سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ 4اِی ویو موومنٹ نقصان دہ کاربن کے اخراج کے اثرات کو کم کرنے اور دیرپا توانائی کے مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے پختہ عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے لئے اس نیک مقصد میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی فعال شرکت کے لئے اپنی ستائش کی۔ اُنہوں نے ریاستی نامزد ایجنسی برائے توانائی کے تحفظ جموں و کشمیر کے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، پرنسپل جی سی ای ٹی جموں اور ڈائریکٹر جنرل بی ای ای، ایم او پی کی مہم کی حمایت کرنے کی کوششوں کی سراہنا کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ اقدام توانائی کے تحفظ کے قومی مقصد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا اور کرہ ارض کی حفاظت میں مدد دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اِس کے علاوہ معززین نے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر کے نقصانات کی صورتحال اور متبادل وقت پر نظر رکھنے کے لیے ریئل ٹائم پورٹل www.dtreportjk.com کا بھی آغاز کیا ۔ یہ پورٹل شہریوں کو ان کے متعلقہ علاقوں میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروںکو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق تازہ ترین معلومات فراہم کرتا ہے۔