شوپیان /08 ؍دسمبر//
ضلع ترقیاتی کمشنرشوپیاں فضل الحسیب نے آج یہاں ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں اِداروں کے سربراہوں، سینٹر سپراِنٹنڈنٹ اور متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں 10 ؍دسمبر کو پنچایت سیکرٹری کے جے کے ایس ایس بی کے او ایم آر پر مبنی تحریری امتحان کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔
دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ ضلع بھر کے 13 مراکز پر 4,270 اُمیدواروں کے تحریری اِمتحان میں شرکت متوقع ہے۔ اِمتحانات کے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ اِنعقاد کے لئے ضلع میں 13 مجسٹریٹ، اوبزرور، سپرانٹنڈنٹ اور 1 ڈپٹی سپراِنٹنڈنٹ تعینات کئے گئے ہیں۔
میٹنگ میں اَفرادی قوت کے کردار، ذمہ داریوں اور کوآرڈی نیشن، بنیادی سہولیات کے پیچیدہ انتظامات بالخصوص سردی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرمائش کے اِنتظامات، وسیع حفاظتی اِنتظامات، ٹرانسپورٹیشن کے لئے لاجسٹکس، اِمتحانی مواد کی حفاظت اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ شفاف اورمنصفانہ اِمتحانات کا اِنعقاد ضلعی اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے۔
اُنہوں نے ہدایت دی کہ ضلع کے تعلیمی اداروں کے کنٹرول روموں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں جہاں ایس ایس بی کے اِمتحانات منعقد کئے جائیں گے اور اِمتحانات کی ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی۔
میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِمتحانی مواد کی حفاظت اور مناسب تلاشی کے لئے پولیس اہلکاروں کی مناسب تعیناتی کو یقینی بنائے۔
میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر شوپیاںڈاکٹر ناصر احمد لون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوپیاں ڈاکٹر ذاکر حسین فاض، پرنسپل آئی ایم جی ڈی سی شوپیاں پروفیسر محمد شفیق،چیف ایجوکیشن آفیسر شوپیاں محمد شبیر، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر جے کے ایس ایس بی جاوید احمد، سپراِنٹنڈنٹوں، اِداروں کے سربراہان اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔