کپواڑہ /08 ؍دسمبر//
ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے ضلع میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے محکمہپاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی ایک میٹنگ منعقد کی۔
اُنہوں نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ سخت سردی کے موسم میں لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے کٹوتی شیڈول پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے لوگوں کی شکایات اور مسائل کے ازالے کے لئے زمینی سطح زیادہ فعال رہیں۔ اُنہوں نے ایس ای، پی ڈی ڈی سے کہا کہ وہ ٹیلی فون پر صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ضلعی سطح پر ایک ہیلپ لائن قائم کریں۔ ایس اِی کو ہیلپ لائن کو سنبھالنے اور اس کی دیکھ دیکھ کے لئے ایک نوڈل آفیسر کو نامزد کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
اُنہوں نے ٹرانسفارمروں کی مرمت کے حوالے سے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسفارمروں کی مستقل بحالی اور تبدیلی کریں تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ بجلی چوری کے معاملے پر قابو پانے کے لئے انسپکشن کو تیز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ خام آلات کو مکمل طور پر ختم کیاجائے۔ اُنہوں نے انہیں ہدایت دی کہ وہ اپنے دفتر کے ساتھ باقاعدگی سے معائینے کی تفصیلات شیئر کریں۔
اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنرنے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئروں سے ضلع میں آنے والے دیور، نتنوسہ اور جگر پورہ کے رسیونگ سٹیشنوں کی پیش رفت کے بارے میں رائے طلب کی اور افسران کو ہدایت دی کہ اگر کوئی آر او ڈبلیو کا مسئلہ ہے تو ترجیحی بنیادوں پر ان کے علم میں لایا جائے ۔
میٹنگ میں سپراِنٹنڈنٹ انجینئر پی ڈی ڈی، پی ڈی ڈی ڈویژن کپواڑہ اورہندواڑہ کے ایگزیکٹیواِنجینئران ، سب ٹرانسمیشن ڈویژن کے ایگزیکٹیو اِنجینئر اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔