جموں//جموں وکشمیرپولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے سوموارکے روز پولیس ،فورسزاورفوج کے حکام کوچوکنا رہنے کامشورہ دیتے ہوئے خبردارکیاکہ امن دشمن عناصر اپنی سازشوں کوعملانے کے فراق میں ہیں ۔انہوںنے مشکوک عناصر وافرادکی نقل وحرکت اورسرگرمیوںپرکڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ منشیات اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم جنگجوئوں کوفراہم کی جاتی ہے ،اسلئے منشیات فروشوں کاقلع قمع کرنے کی مہم مزیدتیز کی جانی چاہئے ۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایاکہ ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے سوموارکے رو زصوبہ جموں میں مجموعی سیکورٹی صورتحال ،منشیات فروشوں اورامن دشمن عناصرکی سرگرمیوں کاایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا ،پولیس ہیڈکوارٹر جموں میں منعقدہ اس میٹنگ میں پولیس ،فورسز،فوج اورخفیہ اداروںکے اعلیٰ افسران موجودتھے ،جن میں اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ،آئی جی سی آر پی ایف ،آئی جی بی ایس ایف جموں ،بی جی ایس 16کارپس کے کمانڈر،ڈی آئی جی جموں،فوج کی 26انفینٹری ڈویژن کے افسران ،ایس ایس پی جموں اوردیگراعلیٰ افسران بھی شامل ہیں ۔پولیس چیف دلباغ سنگھ نے تمام اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری لینے کے بعدخبردارکیاکہ جموں صوبہ میں امن وامان کی صورتحال کوخراب کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے افسران سے کہاکہ وہ سیکورٹی گرڈکومزیدمضبوط بنانے کیساتھ ساتھ اسبات کویقینی بنائیں کہ عوامی جان ومال کے تحفظ کویقینی بناناہے ۔ڈی جی پی کاکہناتھاکہ جنگجوئوں اوردوسرے امن مخالف عناصر کی سرگرمیوں اورمنصوبوں کوناکام بنانے کیلئے تمام مشکوک افرادکی نقل وحرکت پرکڑی نظررکھی جائے ،اوراسبات کویقینی بنایا جائے کہ کسی بھی طرح کے امن مخالف منصوبے یاسازش کوکامیاب ہونے نہیں دیاجائیگا۔پولیس چیف نے پولیس اوردیگرسیکورٹی ایجنسیوںکے درمیان تال میل کومزید مستحکم اورفعال بنانے پرزوردیتے ہوئے کہاکہ ہمیں ہمہ وقت ہوشیار ،خبرداراورچوکنارہنا پڑے گاکیونکہ سرحدپار مقیم امن دشمن قوتیں اسبات کیلئے کوشاں ہیں کہ جموں وکشمیرمیں موجودہ امن وامان کی صورتحال میں خلل ڈالا جائے ۔ڈی جی پی نے پولیس ودیگرسیکورٹی ایجنسیوں کے حکام کوبتایاکہ منشیات اسمگلنگ بھی امن مخالف سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے کیونکہ منشیات کوفروخت کرکے اسے حاصل ہونے والی رقم جنگجوئوںکی فنڈنگ پرصرف کی جاتی ہے۔انہوںنے یہ بھی کہاکہ ناکہ چیکنگ میں سرعت لانے کی ضرورت ہے تاکہ منشیات اسگلنگ کی کوشش کوناکام بنانے کیساتھ ساتھ دیگرسرگرمیوں کوبھی روکا جائے ۔ڈی جی پی نے سیکورٹی افسران سے کہاکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث افرادکیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ،کیونکہ ایسی سرگرمیوں سے سیکورٹی صورتحال کیلئے چیلنج پیداہونے کیساتھ ساتھ نوجوان نسل کی صحت وسلامتی کیلئے بھی خطرات پیداہورہے ہیں ۔دلباغ سنگھ نے کہاکہ امن مخالف سرگرمیوں اورمنصوبوںکوہم باہمی تال میل اورچوکنا رہ کرہی ناکام بناسکتے ہیں ۔