کرگل؍؍رنگ یل نیوزسروس؍؍پینے کا صاف پانی بہم پہنچانے کے غرض سے ضلع کرگل میں جاری مرکزی معاونت والی اسکیم جل جیون مشن اسکیم کی موثر عمل آوری یقینی بنانے کی غرض سے آج ضلع کرگل میں جل جیون مشن کے تحت دوروزہ تربیتی پروگرام کا انعقادکیا گیا ۔اس پروگرام کا مقصددیہی علاقوں کے لئے بہترین طریقوں پر پانی کی ترسیل بہم پہنچانے سے متعلق تربیت فراہم کرناتھا ۔جسکا اہتمام مرکزی وزارت جل شکتی کی ایک ایجنسی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل سیلف گورنمنٹ کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ اس دوروزہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں ہل کونسل کرگل کے ایکزیکیٹوکونسلر کاچومحمدفیروزمہمان خصوصی تھے ۔جبکہ ڈپٹی کمشنر کرگل شری کانت بالاصاحب سوسے اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے سپرانٹنڈنگ انجینئرمقبول حسین ،ایکزیکیٹوانجینئرپبلک ہیلتھ انجینئرمحمد حسن لون ،ایکزیکیٹوانجینئرپبلک ہیلتھ انجینرنگ کاچوممتازعلی اور دیگر لوگوں نے شرکت کی ۔ا س موقع پر ایکزیکیٹوکونسلر کاچومحمد فیروزنے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل سیلف گورنمنٹ کی جانب سے اس نوعیت کے پروگرام کا اہتمام کرنے پر انھیں شکریہ اداکرتے ہوئے شرکا پر زوردیاکہ وہ اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کریں ۔نیز انھوں نے ضلع میں جل جیون مشن اسکیم کی ٹیم کو مذکورہ اسکیم کامیاب بنانے کے خاطر جاری ان کی کوششوں کو بھی سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرکرگل شری کانت بالاصاحب سوسے نے ضلع میں جل جیون مشن اسکیم کو کامیاب بنانے کے خاطر متعلقہ عہدیداروں کی محنت کی تعریف کی ۔ساتھ ہی انھوں نے زمینی سطح پر کاموں کو موثر وہموارطریقے سے انجام دینے میںہل کونسل کرگل کے کردارکوبھی اجاگر کیا ۔ضلع میں جاری جل جیون مشن اسکیم کے بارے میں انھوں نے کہاکہ مذکورہ مشن کی تکمیل کے لئے کمیونیٹی کی شمولیت نہایت ضروری ہے ۔ساتھ ہی انھوں نے اس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے پانی کے متعددذرائع کوتیارکرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ نیز انھوں نے شرکاپر زوردیاکہ وہ سخت خطوں اور موسمی حالات میں کام کرنے کے تجربات اور ماہرین سے اس سے بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کی تلقین کی ۔تربیتی پروگرام کے دوران جل جیون مشن اسکیم اور اس کی عمل آوری کویقینی بنانے کے علاوہ پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ،بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی ،کمیونیٹی کی شرکت داری ،زمینی پانی کاانتظام ،ضلع کرگل کے دیہی علاقوں میں پانی کی دستیابی سے متعلق مسائل اور دیگر موضوعات پر توجہ مرکوزکی ۔اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کو یقینی بنانے کی تکنیک ،پانی کے معیارکے انتظام کے حوالے سے درپیش چیلینچ وغیرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔