کرگل؍؍رنگ یل نیوزسروس؍؍یوٹی لداخ کے محکمہ اربن لوکل باڈیزکے ڈائریکٹر طاہر حسین زبدوی نے کرگل قصبے کے گونگما کرگل کے مختلف مقامات کادورہ کرکے عوام کو دستیاب سہولیا ت اور تعمیر وترقی کے سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر موصوف کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کرگل امتیازکاچو،ایکزیکیٹوآفیسرمیونسپل کمیٹی کرگل شفقت علی خان اور متعلقہ محکمہ کے دیگر اعلیٰ آفیسران کے علاوہ مقامی لوگوں کی کثیرتعداد موجودتھی ۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے ڈائریکٹر موصوف کو پانی کی نکاسی ،سٹرکوں کو بلیک ٹاپ یعنی تارکول بچھانے کی ضرورت ،گلیوں میں ٹائلیں لگانے ،اسٹریٹ لائٹس ،سٹرک کے اطراف سے تعمیراتی سامان ہٹانے اورچلڈرن پارک تعمیر کرنے کی ضرورت کے علاوہ دیگر متعددمسائل ومشکلات سے آگاہ کیا ۔ اس دوران ڈائریکٹرموصوف نے میونسپل کمیٹی کے وارڈنمبر 7اور8میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سیوریج ٹریٹمنٹ پروجیکٹ کے نکاسی سے متعلق مقامی لوگوں کویقین دلایاکہ تمام مسائل کا ازلہ کرکے ان کے مطالبات کوترجیحی بنیادوں پر پوراکرنے کی کوشش کی جائے گی ۔نیزانھوں نے عوامی ملکیت اور میونسپل کمیٹی کے ذریعہ بنائے جانے والے تمام اثاثوں کی دیکھ بال پر بھی زوردیا۔اس کے علاوہ میونسپل کمیٹی کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ سٹرکوں کے اطراف رکھے ہوئے کسی بھی قسم کے تعمیراتی سازوسامان ہٹائیں اور سیوریج کے گڑھے کھودیں تاکہ گندا پانی سٹرکوں پر بہنے کے بجائے زیر زمین جذب ہوجائے ۔ساتھ ہی گونگما کرگل میں عوام دوست ماحول پیداکرنے سیاحوں کے لئے ضرورت کے مطابق سہولیات دستیاب رکھنے سے متعلق مختلف امورپر مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ۔تاکہ مقامی لوگوں کے علاوہ غیر مقامی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ راغب کیا جاسکے ۔