سرینگر:شدید گرمی کے بیچ ٹنل کے آر پار گزشتہ دو دنوں سے جاری مانسون بارشوں کے بیچ منگل کو بھی وادی میں بارشو ں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میںکمی ریکارڈ کی گئی اور لوگوں نے شدید گرمی کی لہر سے راحت کی سانس لی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک مزید بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیوں کی بھی پیشگوئی کرتے ہوئے 21جولائی کی صبح سے موسمی صورتحال میں بہتری آنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ ادھر تازہ بارشوں کے بعد سرینگر جموں شاہراہ پر پسیاں گر آنے کے بعد ٹریفک کی آمد رفت بند رہی ۔سی این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سوموار کی صبح سے ہی موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس دوران بالائی علاقوںکے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بارشیںہوئی ۔خیال رہے کہ وادی کشمیر میں امسال خراب موسمی صورتحال کے بعد ماہ جون اور جولائی میں شدید گرمی کی لہر دیکھنے کو ملی جس کے نتیجے میں اہل وادی کو مشکلات میں مبتلا کیا ۔ کچھ دنوں کی شدید گرمی کے بیچ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق اتوارکی رات دیر سے ہی وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔اتوار کی رات دیر گئے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے شمال و جنوب میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہوا جبکہ بالائی علاقوں خاص طور پر مشہور سیاحتی مرکز گلمرگ اور دیگر کئی مقامات پر ہلکی بارشیں ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے 0.4 سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ بارشیں ہوئی ہے جس میں شوپیان ،کپواڑہ اور دیگر کئی اضلاع کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی بارشیں ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ۔کپوارہ،بارہمولہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،اننت ناگ ،شوپیان اور کولگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان تمام اضلاع کے میدانی علاقوں میںہلکی بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں سے رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں آئندہ 24گھنٹوں تک مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشیں بھی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 21جولائی کی صبح سے موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری آئے گی ۔ ادھر سرینگر جموں شاہراہ پر تازہ بارشوں کے نتیجے میں پسیاں گر آئی جس کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کر دیا گیا ۔ محکمہ ٹریفک کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر موسم کی خرابی کے سبب پتھر گر آنے کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حمل معطل کی گئی ہے۔حکام نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پرضلع رام بن کے پنتھیال۔ مگھر کوٹ علاقے میں بارش کی وجہ سے پتھر گر آنا شروع ہوگئے ہیں اس لئے مسافروں کی حفاظت کو ملحوظ رکھتے ہوئے گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر سے گریز کریں۔