سرینگر:سرینگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے نزدیک سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں دو کم سن بچوں سمیت ایک ہی کنبے کے 4افراد لقمہ اجل بنے ۔یہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ایک سوفٹ کار جس میں یہ مسافر سوارتھے،دریائے چناب میں گرتے ہی پانی کے بہائو نے اپنے ساتھ لے لی جبکہ دو بچے بھی پانی کے تیز بہائومیں نامعلوم مقام تک پہنچ گئے جن کی میتیں شام دیر گئے تک تمام تر کوششوں کے باوجودبازیاب نہیں کی جاسکیں۔اس بیچ بانہال کے نزدیک بھی قومی شاہراہ پرمزدوروں سے بھرے ایک ٹیمپو کو حادثہ پیش آیا جس میںایک مزدور از جان جبکہ 12دیگر شدید زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ایل جی منوج سنہا نے ان حادثات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ایس این ایس کے مطابق سرینگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے نزدیک مہد مقام پر پیر کو دوپہر پونے دو بجے کے قریب ایک کار کو المناک حادثہ پیش آیا ۔گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور سیدھے دریائے چناب میں جاگری جس کے نتیجے میںکار میں سوار ایک ہی کنبے کے 4افراد لقمہ اجل بن گئے۔ایس ایس پی رام بن کے مطابق مہلوکین میں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچے شامل تھے۔مہلوکین کی شناخت کار کے ڈرائیور راکیش کمار اس کی اہلیہ آشا رانی اور دو کمسن لڑکے سچیت بھگت اور مہول بھگت کے طور ہوئی ہے جو پلورہ جموں کے رہنے والے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی سرینگر سے جموں جارہی تھی اور جب مہد رام بن کے مقام پر پہنچی تو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور دریائے چناب میں جاگری۔اگرچہ میاں بیوی کی لاشوں کو بازیاب کیا گیا ہے تاہم گاڑی اور دو بچے پانی کے تیز بہائومیں بہہ گئے اور نامعلوم جگہ تک پانی نے اپنے ساتھ بہا لئے۔پولیس ،سی آر پی ایف ،ایس ڈی آر ایف اور رضاکار نوجوان بچائو کاروائیوں میں شام دیر گئے تک جٹ گئے تھے۔اس بیچ بانہال میںسوموار کوسڑک کا ایک دلدوز حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مزدور ازجان جبکہ 12دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق حادثے میں مرنے والے کی شناخت اتر پردیش کے37سالہ ساجد احمد ولد عبد القیوم کے طور پرہوئی ہے۔ایس این ایس کو ملی تفصیلات کے مطابق ایک ٹیمپو زیر نمبر PB07BT/8324بانہال میں اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ یوپی سے سری نگرمزدوروں کو لے کر آرہاتھا اورضلع رام بن کے بانہال علاقے میں ایک ٹرک کے ساتھ جاٹکرایا جس کے نتیجے میں 13مزدورشدید طور پر زخمی ہوگئے جنہیں علاج ومعالجے کیلئے نزدیکی اسپتال منتقل کیاگیا تاہم ان میں سے ایک مزدور ساجد احمد ولد عبدالقیوم ساکن اتر پردیش زخموں کی تاب نہ لاکر راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔ پولیس تھانہ بانہال نے سٹیٹ نیوز سروس کو بتایا کہ شمالی کشمیر کے رفیع آباد بارہمولہ کے رہنے والے کبیر احمد خان ولد محمد حسین خان کی ٹرک زیرنمبر JK13C/4760 قریب صبح 6بجے اس وقت ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی جب وہ سری نگر سے جموں کی طرف جارہی تھی اور بانہال کی کھٹانہ بستی کے قریب ایک ٹیمپو بیئرنگ رجسٹریشن نمبر 8324 PB07BT/ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹیمپو میں سوار ڈرائیور سمیت 13افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک مزدور اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ بیٹھا جس کی شناخت ساجد احمد ولد عبدالقیوم ساکن اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ٹیمپو یوپی سے سری نگر آرہا تھا اوراس میں سارے مزدور بجنور سے بیٹھے تھے ۔ اس حادثے میں کم سے کم 13 مزدور زخمی ہوگئے جن میں ٹیمپو کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ پولیس نے ایس این ایس کو بتایا کہ ایک مزدور کی شناخت37سالہ ساجد احمد ولد عبد القیوم ساکن اتر پردیش کے طور ہوئی ہے جسے علاج کے لئے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں اس نے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا۔ پولیس نے بتایاکہ دیگر 12 زخمی مسافروں کی شناخت ٹیمپوکے ڈرائیور کرن جیت سنگھ ولد جوگندر سنگھ، گجندر سنگھ ولد گنیش کے طور ہوئی ہے ، جنہیں علاج و معالجے کے لئے جی ایم سی اننت ناگ ریفر کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بانہال پولیس نے واقعہ کی نسبت ایف آئی آر نمبر 143/2021U/S 279/337درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔ایل جی منوج سنہا نے ان حادثات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔