سری نگر، 18 مارچ// محکمہ ثقافت جموں و کشمیر کے پرنسپل سکریٹری سریش کمار گپتا کا کہنا ہے کہ کشمیری ثقافت ابھی بھی زندہ ہے تاہم اس کو مقبول بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اگلے برس کی سرگرمیوں کے لئے ایک ایڈوانس کلینڈر بنائے گا۔
موصوف سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘کشمیری کلچر ختم نہیں ہوا ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کو مزید مقبول کرنے کی ضرورت ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘محکمے کی ایک ونگ اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز ہے جو کشمیر کے کلچر کو بڑھانے کے لئے سرگرم عمل ہے’۔
مسٹر گپتا نے کہا کہ محکمہ اگلے برس کی سرگرمیوں کے لئے ایک ایڈوانس کلینڈر بنائے گا تاکہ لوگوں کو معلوم ہوسکے کہ کب کون سا پروگرام ہے اور وہ ان میں شرکت کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جموں وکشمیر کے باہر بھی ہمارے پروگرام ہوسکیں تاکہ ہمارے ماہرین فن کو ان میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع مل سکے۔