سرینگر:شہر خاص کے گنجان آبادی والے علاقہ پالہ پورہ نور باغ میں شبانہ آتشزدگی کی بھیانک واردات کے دوران سات رہائشی مکان تباہ ہوئے۔ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا لیکن آتشزدگی کی اس واردات کے دوران لاکھوں روپیہ مالیت کی گھریلو اشیاء راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔ یو پی آئی کے مطابق شہر خاص کے پالہ پورہ نور باغ علاقہ میں درمیانی رات کو اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب ایک رہائشی کان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید مکانات کو لپیٹ میں لے لیا ۔ نمائندے نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا لیکن آتشزدگی کی اس واردات کے دوران سات مکانات تباہ ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کی املاک بھی تباہ ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پالہ پورہ کی گنجان بستی میں واقع پمپوش کالونی میں ایک یک منزلہ رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی اور آناً فاناً پھیل گئی۔بعدازاں فائر ٹینڈرز کو آگ کے شعلوں پر قابو پانے کے لئے موقع پر پہنچایا گیا ، تاہم اس وقت تک آگ نے پانچ رہائشی مکانات اور دو شیڈوں کو نقصان پہنچا تھا۔حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان یاکسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے جبکہ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔