سری نگر، 19 اگست// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ کا کہنا ہے کہ کانگریس تمام ہم خیال جماعتوں یا لوگوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے تیار ہے انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اس ضمن میں کانگریس کی مرکزی قیادت کے ساتھ اپروچ کیا ہے موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں مولانا آزاد روڈ پر واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈران غلام احمد میر، رمن بھلہ، تارا چند بھی موجود تھے۔
بتادیں کہ طارق حمید قرہ کو حال ہی میں کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘جہاں تک اتحاد کا تعلق ہے تو ہم تمام ہم خیال پارٹیوں یا لوگوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے تیار ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘راہل جی کے بھارت جوڑو یاترا کے بعد جموں وکشمیر میں ماحول بدل گیا ہے اور ان کے ‘فیل گڈ فیکٹر’ کے عام کرنے کے لئے کام کریں گے’۔
مسٹر قرہ نے کہا کہ لوگوں کو اقتصادی، آئینی یہاں تک کہ مذہبی سطح پر درپیش مشکلات کو دور کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس نے ایک کمیٹی بنائی ہے جس میں، میں، میر صاحب، رمن بھلہ صاحب، وقار رسول صاحب اور تارا چند جی شامل ہیں، جو بات چیت کرے گی اور ہم حدود کا تعین کریں گے اور دیکھیں کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے مفادات کس طرح محفوظ رہ سکتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘انڈیا الائنس کا بی جے پی کو دور رکھنے کا جو خیال ہے جو اس کے ساتھ جڑتے ہیں ہم بھر پور سپورٹ کریں گے’۔
انہوں نے کہا: ‘جہاں تک اپروچ کا تعلق ہے اور جہاں تک میں جانتا ہوں تو نیشنل کانفرنس نے پہلے ہی ہماری مرکزی قیادت کے ساتھ اپروچ کیا ہے’۔