سری نگر؍ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقام سونہ مرگ میں دوران شب ہلکی برف باری ہوئی جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔ادھر زوجیلا پاس پر برف باری ہونے اور پھسلن ہونے کی وجہ سے سونہ مرگ [؟] کرگل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل عارضی طور پر روک دی گئی ہے ۔ماہر موسمیات فیضان عارف نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق دوران شب ضلع بانڈی پورہ کی گریز وادی، کپوارہ کے مژھل اور وادی کے دوسرے پہاڑی علاقوں میں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی کے کچھ پہاڑی علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی برف باری متوقع ہے جس کے بعد 7 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 7 سے 13 دسمبر کے درمیان مغربی ہوائیں داخل ہوسکتی ہیں جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے ۔ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری واقع ہوئی ہے ۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔