جموں،؍ جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سٹیٹ ہڈ کی بحالی کی مانگ کو لے کر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ مرکزی سرکار کو اب اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے ۔اطلاعات کے مطابق جموں پریس کلب میں سی پی آئی کے بینر تلے ریاستی درجے کی مانگ کو لے کر احتجاج کیا گیا۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران سی پی آئی کے سینئر لیڈر نے کہاکہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں بیان دیا کہ الیکشن عمل مکمل ہونے کے بعد ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن عمل کو مکمل ہوئے چھ ماہ ہو گئے لیکن ابھی تک مرکزی سرکار کا وعدہ وفا نہ ہو سکا۔انہوں نے کہاکہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے ہیں، عوامی منتخب حکومت کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں جس وجہ سے لوگوں کو مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔سی پی آئی لیڈر نے کہاکہ ریاستی درجے کی بحالی سے ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔