سری نگر:جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کامانناہے کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعدزمینی سطح پرمثبت تبدیلیاں نمایاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال بہترہوئی ہے ،لوگوں کااعتماد بحال ہوا ہے ،نوجوان نسل کی ترجیحات میں مثبت تبدیلی آئی ہے ۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کیلئے زمین اور نوکری کا حق محفوظ ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہاکہ جموں و کشمیر میں اب کوئی بھی بے زمین نہیں ہوگا۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ایک نجی نیوز چینل کودئیے انٹرویو کے دوران کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگ ایک بڑی تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔دفعہ 370کی منسوخی کے2سال مکمل ہونے کے موقعہ نجی نیوز چینل کیساتھ بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کاکہناتھاکہ دفعہ370 کی منسوخی کا اثر زمین پر نظر آرہا ہے۔ منوج سنہا نے تمام خدشات کودور کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کیلئے زمین اور نوکری کا حق محفوظ ہے ۔انہوں نے ساتھ ہی عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کی بات کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی جموں و کشمیر میں بے زمین نہیں ہوگا۔منوج سنہا نے کہا کہ پچھلے2سالوں میں 7 نئے میڈیکل کالج بنائے گئے ہیں جبکہ زوجیلا ٹنل کا سنگ بنیاد بھی وزیر اعظم مودی نے رکھا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر پروجیکٹ اور کام ٹینڈر کے ذریعے کیا جا رہا ہے اور عوامی پلیٹ فارم پر معلومات دستیاب ہے۔ایک سوال کے جواب میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ سرکاری کاموں میں جتنی شفافیت جموں وکشمیر میں پائی جاتی ہے ،اُتنی ملک کی کسی دوسری ریاست یامرکزکے زیرانتظام علاقے میں نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں تعمیراتی ،ترقیاتی اورفلاحی کاموں وپروجیکٹوں کی الاٹمنٹ شفاف بنیادوں پرعمل میں لائی جاتی ہے ،اوریہی وجہ ہے کہ مقامی لوگ زمینی سطح پر تبدیلی کااثر دیکھ رہے ہیں ۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکاکہناتھاکہ پچھلے2سالوں میں ، جموں و کشمیر میں اتنا کام کیا گیا ہے جو پچھلے کئی سالوں میں نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پہلے منصوبے شروع ہوتے تھے لیکن منظوری کیلئے استعمال نہیں ہوتے تھے۔ کچھ پروجیکٹ10 تا 15 سال سے زائد عرصے سے زیر التوا ء تھے۔منوج سنہا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ کشمیر بہت تیزی سے بدل رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں تبدیلی وزیر اعظم مودی کا تحفہ ہے۔جموں و کشمیر میں کینسر کے2 ادارے بھی وزیر اعظم کی دین ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں2ایمزAIIMS کام کرنے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ 7 نئی قومی شاہراہیں منظور کی گئی ہیں۔ NIFT کو2سالوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔وزیراعظم مودی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ملک میں ایسی حکومت ہے جو کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرتی۔ مودی حکومت ہر ریاست میں ہر طبقہ کیلئے کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم پنچایتی راج نظام کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے نوجوان آگے آ رہے ہیں اور کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔جموں و کشمیر میں روزگار کے بارے میں بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ2600 نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں۔ ساڑھے8 ہزار امیدواروں کے نتائج جاری ہوچکے ہیں۔ جموں و کشمیر میں نوکریوں میں ضلع کیڈر کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے نتائج بھی نکل چکے ہیں۔ اس سال50 ہزار نوجوانوں کو مالی مدد ملے گی۔جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ حکومت18 سے 35 سال کی عمر کی خواتین کو مالی مدد بھی فراہم کر رہی ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے، وزیر اعظم لوگوں کو خود روزگار کی ترغیب دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم جموں و کشمیر میں بہترین صنعتی پالیسی لائے ہیں۔ یہ پالیسی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی شراکت سے بنائی گئی ہے،اس پالیسی سے 8 سے10 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ پہلے یہ منصوبہ شروع ہوتا تھا لیکن منظوری نہیں دی گئی۔ اب ہر کام ذمہ داری کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ جموں و کشمیر خوشحال ، محفوظ اور پرامن جگہ بن رہا ہے۔