گاندربل :لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آج ضلع گاندربل کا تفصیلی دورہ کیااور وہاں جاری ترقیاتی سرگرمیوں ، 75ویں یوم آزادی کے سلسلے میں اِنتظامات ، پی ڈی ڈی کی موسم سرما کی تیاریوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران مشیر موصوف نے گورنمنٹ ڈگری کالج کنگن میں ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ممبران اور کئی عوامی وَفود سے ملاقات کی جنہوں نے مشیر موصوف کو اَپنے مطالبات اور مسائل گوش گزار کئے۔مشیر موصوف کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ، ناظم دیہی ترقی محکمہ ، ناظم پھولبانی اور دیگر اَفسران بھی تھے۔اُنہوں نے ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا او رمتعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ترقی کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔مشیر موصوف نے کووِڈ کیئر سینئر وُوسن۔ بی ، کھیل میدان بومی محلہ چناروُوسن ، ریسونگ سٹیشن کنگن اور دیگر ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے لائین محکموں کو قریبی تال میل اور یکجہتی سے کام کرنے پر زور دیا اور متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ اَپنے تمام علاقوں میں جاری کاموں کا معائینہ کرنے کے لئے تمام پی آر آئی ممبران کو شامل کریں۔اے سی ڈی گاندربل نے مشیر موصوف کو بومی ووسن میں کھیل میدان پر جاری ترقیاتی کا م کامعائینہ کرتے ہوئے جانکاری دی کہ کھیل میدان 16کنال اراضی پر تعمیر کیا جارہا ہے اور منریگا کے تحت پہلے دو مرحلوں میں 2.99 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یوتھ سروس اور سپورٹس کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد کھیل میدانوں کوکو ترقی دی جائے۔مشیر موصوف نے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی) کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِنفارمیشن ایجوکیشن اور کمیونیکیشن کی سرگرمیاں شروع کریں تاکہ عوام کو حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت کے بارے میں آگاہ کیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ۔19وبا ابھی ختم نہیں ہوا ہے لہٰذا سی اے بی کو سختی سے اَپنا یا جائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کووِڈ وبائی اَمراض سے نمٹنے کے لئے اِنتظامیہ اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ کووِڈ کیئر سینٹروں کا دورے کے دوران مشیر موصوف نے کہا کہ تمام 126 پنچایتوں میں کووِڈ کیئر سینٹر مکمل طور پر قائم ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے مشیر کو جانکاری دی کہ ضلع میں 69 کووِڈ مثبت معاملات سرگرم ہیں اور صحتیابی کی شرح 98.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ 18برس عمر سے 44برس عمر تک کے لوگوں کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم زوروں پر جاری ہے اور 40فیصد آبادی کو ٹیکے لگائے گئے ہیں جبکہ زائد اَز45 برس عمر کے لوگوں کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔مشیر بصیر خان نے یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا جن میں پرچم کشائی ، ثقافتی پروگرام ، ٹریفک پلان ، صفائی ستھرائی ، کھیلوں کی سرگرمیان ، میڈیکیئر ، الیو مینیشن شامل ہیں اور انہیں ہر سرگرمی کو مؤثر اَنداز میں کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اَفراد ، پی آر آئی ممبران ، ہیلتھ کیئر ورکروں ، نرسوں ، پولیس اور دیگر اَفراد کے کام کی حوصلہ افزائی کریں جنہوں نے لگن، محنت کے ساتھ کووِڈ۔19 کے دوران کام کیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے کہا کہ 75ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب قمریہ گرائونڈ گاندربل کے اَحاطے میں منعقد کی جائے گی جہاں مہمان خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے جس کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس ، سی آر پی ایف ، آرمڈ پولیس ، این سی سی ، پی ٹی ایس منی گام کے دستے مارچ پاسٹ اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلاب تقریب کے دوران ثقافتی پروگرام بھی پیش کریں گے۔ مشیرموصوف نے پی ڈی ڈی اور دیگر محکموں کی موسم سرما کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔مشیر نے ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی ممبران ، سرپنچوں اور تجارتی انجمنوں اور دیگر افراد کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیاجنہوں نے اپنے متعلقہ علاقوں کے عوامی اہمیت کے حامل کئی مسائل گوش گزار کئے ۔ وفود نے ٹراما ہسپتال کنگن میں افرادی قوت ، کیلان میں ہسپتال کی عمارت کی تکمیل ، کنگن میں کامن سروس سینٹر ، پاور ہاؤس بڑھانے ، میگا پروجیکٹوں میں مقامی نوجوانوں کی کنگن بھرتی اور دیگر مطالبات اور مسائل پیش کئے۔مشیر بصیر نے تمام وفود اور اَفراد کو بغور سنا اور اُن کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کے جلد از جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔کچھ معاملات میں مشیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کوشکایات کے ازالے کے لئے موقعہ پر ہدایات جاری کیں۔