سرینگر:سرینگر ضلع میں کورونا وائرس کیسوں میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے لالچوک میں بغیر ماسک لوگوں کے موقع پر ہی کورونا ٹیسٹ کئے۔ یو پی آئی کے مطابق پچھلے ایک ہفتہ کے دوران سرینگر ضلع میں کورونا وائرس کے معاملات میں لگاتار اُچھال دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ نمائندے نے بتایا کہ پچھلے دو روز سے لگاتار پچاس سے زائد کیس رپورٹ ہو رہے ہیں جس وجہ سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ عوامی حلقوں کی جانب سے شدید نکتہ چینی کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سنیچر کے روز لالچوک میں بغیر ماسک کے لوگوں کے موقع پر ہی کورونا ٹیسٹ کئے۔ معلوم ہوا ہے کہ کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے اہلکاروں نے ہفتے کے روز یہاں لالچوک میں بغیر ماسک کے لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کئے۔ متعلقہ محکمے کے اہلکار لالچوک میں تاریخی گھنٹہ گھر کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور جن لوگوں نے ماسک نہیں لگائے تھے ان کے کورونا ٹیسٹ کئے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ماسک پہنے تھے ان کے ٹیسٹ نہیں کئے جاتے تھے۔