نوجوان اُستاد شیخ مدثر نظر کو بہترین کارکردگی پر ضلعی سطح کا ایوارڈ
سرینگر// نامہ نگار:گرلز ہائیر سیکنڈری سکول شوپیان کشمیر میں درس وتدریس سے وابستہ شاداب کریوہ شوپیان سے تعلق رکھنے والے شیخ مدثر نظر کو تعلیمی شعبے میں شاندار کارکردگی پر بہترین ٹیچر کا ایوارڈدیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مورخہ 5ستمبر 2021کو یوم اساتذہ کی مناسبت سے گرلز ہائر سکینڈری سکول شوپیان میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں چیف ایجوکیشن آفیسر مشتاق احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران ضلع شوپیان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شیخ مدثر نظر کو ضلع سطح کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں محکمہ تعلیم کے کئی سینئر آفیسران نے بھی شرکت کی۔ جن میںڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر شوپیان جاوید احمد کے علاوہ ضلع کے مختلف سکولوں کے سربراہان اور سینئر اساتذہ نے شرکت کی۔ مدثر نظر نے اس موقعے پر ہمارے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیاں ضلع کی طرف سے بہترین استاد کا اایوارڈ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے،کیونکہ استاد کے پیشے کو پیغمبروں اور ولیوں کے پیشے سے تعبیر کیا جاتا ہے۔استاد کا احترام نہ صرف شاگرد بلکہ سماج کے ہر طبقے میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج یوم استاتذہ کے موقع پر اپنے تمام اساتذہ کرام کا بے حد مشکور و ممنون ہوں جنہوں نے مجھے پڑھنا لکھنا سکھایا ، خاص کر اپنے استاد ،والد محترم شیخ منیر حسین جنہوں نے مجھے قلم پکڑنا سکھایا اور یہی قلم آج میری طاقت ہے۔ شیخ مدثر نظر کے مضامین وادی کے ایک معروف اخبار کے کالم ” بول کہ لب آزاد ہیں تیرے“ میں شائع ہوتے ہیں۔ اس کالم کو عوامی سطح پر کافی مقبولیت حاصل ہے۔ ٹیچرس ایوارڈ ملنے پر اساتذہ برادری اور سماجی شخصیات اور تنظیموں نے شیخ مدثر نظر کو مبارک باد پیش کی ہے۔ صحافتی حلقوں سے وابستہ افراد نے بھی شیخ مدثر نظر کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ شیخ مدثر نظر کو محکمہ تعلیم میں جہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیچرس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے وہیں انہیں بطور قلم کار بھی کافی شہرت حاصل ہیں۔شیخ مدثر نظرتجربہ مصنف و کار کالم نگار جنہوں نے پچھلے سال سے معاشرتی برائیوں کے خلاف سینکڑوں مضامین لکھے ہیں ۔