سری نگر: جموںوکشمیر محکمہ سیاحت نے کولکتہ میں ایک تشہیری ایونٹ کا اہتمام کیا جس میں ٹریول ٹریڈ ایسو سی ایشنوں کے تمام سرکردہ سربراہان ، مقامی میڈیا اور مغربی بنگال کے سیاحتی محکمہ کے سینئر اَفسران نے شرکت کی ۔ جموںوکشمیر محکمہ سیاحت کی ٹیم کی نمائندگی ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت وسیم راجا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت کٹرا امبیکا بالی اور اِنچارج ٹورسٹ آفیسر کولکتہ احسان الحق نے کی۔وسیم راجا نے اَپنی پرزنٹیشن میں سیاحت کی نئی مصنوعات ، خدمات اور آنے والے فیسٹول کیلنڈر پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے محکمہ سیاحت کی جانب سے اگلے چند مہینوں میں منعقد ہونے والے فیسٹولوں کے سلسلے کے بارے میں بھی جانکاری دی۔اُنہوں نے کووِڈ۔19 کی دوسری لہر کے بعد گزشتہ چند ماہ کے دوران محکمہ کی سرگرمیوں کے اَقدامات پر روشنی ڈالی اورمحکمہ کی جانب سے ٹیکہ کاری مہم کو یقینی بنایا گیا تاکہ تمام سیاحتی خدمات فراہم کرنے والے اور سیاحتی عملہ کو مکمل طور پر ویکسین دی جائے ۔اُنہوں نے ٹریول ٹریڈ اور میڈیا کو یقین دِلایا کہ سیاحوں اور سروس فراہم کرنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے یوٹی میں تمام کووِڈ پر وٹوکول پر عمل کیا جارہا ہے ۔اُنہوں نے آرٹ ، ثقافت ، پکوان ، قدرتی خوبصورتی ، مہم جوسیاحت اور گالف پر بھی زو ردیا تاکہ جموںوکشمیر میں سیاحت کے تنوع کی ایک منفرد خصوصیت ہو۔اِس موقعہ پر کولکتہ ٹریول ٹریڈ برادری نے کووِڈ ۔19 کی دوسری لہر کے بعد کولکتہ میں اِس طرح کے ایونٹ کے اِنعقاد کے لئے جموںوکشمیر محکمہ سیاحت کی کاوشوں کو سراہااور اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مغربی بنگال کے سیاح جموں وکشمیر کا دورہ کرتے رہیں گے ۔تقریب میں مغربی بنگال سے سیاحتی تجارتی برادری نے شرکت کی بالخصوص منوسونی چیئرمین ٹی اے اے آئی ایسٹرین ریجن ،دیبجیت دتہ ڈائریکٹر اور سی اِی او آئی ٹی ایس ، امیتوا سرکار جنرل سیکرٹری ٹی اے اے بی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں وکشمیر بنگالیوں کے لئے سب سے پسندیدہ منزل رہے۔ تقریب کے بعد پریس بریفنگ دی گئی جس میں کولکتہ کے بیشتر معروف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے آنے والے افسران کے ساتھ بات چیت کی۔ محکمہ سیاحت کا دو روزہ تشہیری ایونٹ آج وِکٹوریہ پلیس کے قریب روڈ رَتھ شو کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا ۔محکمہ سیاحت نے جموںوکشمیر یوٹی سے باہر اَپنی مہم کو جاری رکھنے کے لئے حال ہی میں چنئی میں ایک ایسی تقریب کا اہتمام کیا ہے اور آئندہ موسم خزاں اور سرمائی موسم سے قبل ممبئی ، احمد آباد اور حیدر آباد جیسے مشہور بازاروں میں اِس طرح مزید پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔