کپواڑہ:مرکزی وزیر مملکت برائے اَقلیتی اَمور جان برلانے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت جموںوکشمیر کی ترقی کے لئے وعدہ بند ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عوامی رَسائی پروگرام حکومت کی طرف سے شروع کیا گیا ہے تاکہ زمینی سطح پرلوگوں کے بنیادی مسائل کو بروقت حل کے لئے جان سکیں۔وزیرمملکت برائے اَقلیتی اَمور جو آج صبح مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے تحت دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے ہیں،نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ممبران ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرپرسن ، پی آر آئی اور اِنتظامیہ کے مشترکہ میٹنگ سے خطاب کیا۔اِس موقعہ پر وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر ،ضلع ترقیاتی کمشنر اِمام الدین ، منیجنگ ڈائریکٹر ایس ٹی ایس سی بورڈ سماجی بہبودمحکمہ محمد سلیم اور متعلقہ اَفسران موجود تھے۔اُنہوں نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے عوامی نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کی ۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ پی آر آئیز ، وفود اور عوام کی جانب سے پیش کی گئی درخواستوں ، مسائل اور شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے اوراسے یونین سطح اور لیفٹیننٹ گورنرحکومت کے ساتھ ازالہ کیا جائے گا ۔وزیر موصوف نے کہا کہ وہ پُر اَمن ماحول اوریہاں کے لوگوں کے معاون اور تعاون کے رویے سے بہت متاثر ہوئے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کچھ ذاتی مفادات کی وجہ سے کشمیر کے حالات کے بارے میں باقی ملک کو گمراہ کر رہے ہیں۔جان برلا نے کہا کہ وہ پورے ہندوستان کے لوگوں کو پُر اَمن ماحول او رکشمیریوں کی مہمان نوازی ے بارے میں بتائیں گے۔وزیرموصوف نے سہ رُخی پنچایتی راج نظام کے کامیاب قیام کے لئے پی آر آئی اور اِنتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سہ درجہ نظام جموں وکشمیر کے عوام کو آزادی کی تاریخ میں پہلی بار دستیاب ہوا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ دیہی معیشتی ترقیاتی رفتار کو بڑھانے کے لئے اِنتظامیہ اور پی آر آئی کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت پہلے ہی مختلف فلیگ شپ پروگراموں پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد لوگوں کی سماجی و معاشی صورتحال کو ترقی دینا ہے اور نئی سکیموں کی تعداد بھی پائپ لائن میں ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام فلاحی سکیموں کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کی جائے تاکہ اِن سکیموں کے فوائد نچلی سطح تک پہنچ جائیں ۔اِس سے قبل وی سی ڈی ڈی سی ،ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کونسل ممبران اور صدر میونسپل کونسل کپواڑہ نے اِس موقعہ پر خطاب کیا اور متعلقہ علاقوں کے مطالبات کا چار ٹر وزیر کو پیش کیا ۔ تمام اراکین نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے مرکزی وزراء کے ذریعے عوامی رَسائی پروگرام شروع کرنے پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کیا اور خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا۔ اُنہوں نے ضلع میں مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔ڈی ڈی سی ممبر ہائے ہامہ ثناء اللہ خان نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔بعد میں اِستفساری میٹنگوں کے دوسرے سیشن میں متعدد وَفودوزیرموصوف سے ملاقی ہوئے اور مطالبات گوش گزار کئے۔