سرینگر:اسمبلی انتخابات میں ہر صورت میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے کہاکہ 5اگست 2019کا مرکزی فیصلہ غیر آئینی ہے اور جموںوکشمیر کے لوگ اس کو آج بھی قبول نہیں کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو بیرونی نہیں بلکہ اندرونی عناصر سے خطرات لاحق ہے جو بھائی چارے اور اخوت کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں۔ مرکزی حکومت کو طالبان سے بات چیت شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ طالبانی کشمیر نہیں آئیں گے کیونکہ اُنہیں افغانستان میں بہت سارے مسائل کا اس وقت سامنا ہے اگر آئیں گے بھی تب بھی ہماری افواج اُن سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہیں۔ یو پی آئی کے مطابق ایک نیوز چینل سے انٹرویو کے دوران نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲنے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں ہر صورت میں حصہ لیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ جب بھی چناو کا فیصلہ لیا جائے گا نیشنل کانفرنس اس میں شرکت کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر جموںوکشمیر کو ان حالات سے باہر نکالنا ہے تو چناو میں سبھی کو حصہ لینا چاہئے ۔ دفعہ 370کی منسوخی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے کہاکہ مرکزی حکومت نے یک طرفہ فیصلے لے کر آئین اور قانون کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 370کی منسوخی کا فیصلہ غیر قانونی اور غیر آئینی تھا اور جموںوکشمیر کے لوگ اس فیصلے کو آج بھی قبول نہیں کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت کو سبھی کے ساتھ بات چیت کرکے کوئی فیصلہ لینا چاہئے تھا۔ طالبان کی جانب سے جموںوکشمیر وارد ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبدا ﷲ نے کہاکہ طالبان کو افغانستان میں بہت سارے مسائل کا سامنا ہے وہ جموںوکشمیر آنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر کسی نے یہاں آنے کا سوچا بھی ہوگا تب بھی سرحدوں پر تعینات افواج اُن کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی مرکزی حکومت کو طالبان کے ساتھ بات چیت شروع کرنی چاہئے کیونکہ بھارت نے افغانستان میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے لہذا موجودہ حکومت کو بات چیت کرنی چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک کو اس وقت بیرونی نہیں بلکہ اندرونی خطرات لاحق ہے جو بھائی چارے اور اخوت کو پارہ پارہ کر نا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب کو متحد ہو کر ایسی قوتوں کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔ تھرڈ فرنٹ کے قیام کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبدا ﷲنے کہاکہ سبھی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران جب اپنی انا کو ایک طرف رکھیں گے تب جا کر ہی تھرڈ فرنٹ کا قیام معروض وجود میں آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ملک کی صورتحال کیا ہے یہ سب کے سامنے عیاں ہے۔ وزیر اعظم ہند کے امریکی دورے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبدا ﷲنے کہاکہ وہ سب لوگوں کے وزیر اعظم ہے لہذا نریندر مودی جس سے بھی بات چیت کریں گے ملک کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی کریں گے۔