سرینگر:مرکزی شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جیوتیرادتیہ ایم سندھیا نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں دو نئے ائیر پورٹ ٹرمنل جلد بنائے جائیں گے ۔ انہوں نے یہ بات ضلع سرینگر کے ہارون بلاک میں ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ممبران ، پی آر آئی اور مقامی لوگوں کے ساتھ ایک بات چیت پروگرام کے دوران کہی ۔ ایک بڑی پیش رفت کے طور پر وزیر نے کہا کہ کشمیر میں ایک ائیر پورٹ ٹرمنل 1500 کروڑ روپے کی لاگت سے 25 ہزار مربع میٹر پر بنایا جائے گا جبکہ ایک اور ائیر پورٹ ٹرمنل 650 کروڑ روپے کی لاگت سے 22 ہزار مربع میٹر پرجموں میں بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر میں ہوائی اور سڑک دونوں رابطوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، اس لئے ایک بڑا سڑک نیٹ ورک بشمول ہائی ویز ، رنگ روڈ ، ٹنل اور دیگر منصوبے جموں کشمیر اور لداخ میں تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ رابطے کی ترقی سے زیادہ سیاح جموں و کشمیر آئیں گے اور مقامی دستکاری کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور دستکاری کے فروغ سے جموں و کشمیر کے لوگوں کی معاشی سرگرمیوں اور خوشحالی کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں امن ، ترقی کا دور شروع ہو چکا ہے اور لداخ سمیت تینوں خطے مل کر ملک میں تعمیر و ترقی میں نمبر ون بننے کے راستے پر آ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر بڑے منصوبوں میں 3000 کروڑ روپے مالیت کے رنگ روڈ پر کام جاری ہے جبکہ 100 فیصد گھروں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت والی حکومت نہ صرف جموں و کشمیر میں بدعنوانی پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہے بلکہ ان برسوں کے دوران یو ٹی میں صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں نے بھی ترقی کی ہے ۔ اس موقع پر موجود مختلف ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ممبران ، سرپنچوں اور دیگر پی آر آئی نے خطاب کیا اور اپنے مطالبات وزیر کے ساتھ اٹھائے ۔ اس موقع پر ڈی سی سرینگر محمد اعجاز اسد ، وزیر کے پرائیویٹ سیکرٹری ، ایس ایس پی سرینگر ، اے ڈی سی سرینگر اور آر ڈی ڈی کے افسران بھی موجود تھے ۔