سرینگر:مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت اور شمال مشرقی علاقہ کی ترقی جی کشن ریڈی مرکزی حکومت کے عوامی آؤٹ ریچ پروگرام کے حصے کے طور پر آج سرینگر پہنچے ۔ انہوں نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا جن میں لڈورہ رفیع آباد میں نسلی کشمیری دیہی ایپل ٹورسٹ ولیج کی ترقی اور ویری ناگ میں 10 بیڈ روم ہٹ شامل ہے ۔ ایس کے آئی سی سی سرینگر میں عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر نے انتظامیہ ، عہدیداروں اور لوگوں کو جموں و کشمیر میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے لگن کے ساتھ کام کرنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی کیلئے پُر عزم ہے اور وزیر اعظم یو ٹی کی مجموعی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے وبائی امراض کے دوران لوگوں کی حفاظت کیلئے ہر ذمہ داری نبھاتے ہوئے قابل تعریف کام کیا ہے ۔ چشمہ شاہی گارڈن کے اپنے دورے کے دوران وزیر نے یقین دلایا کہ بھارت حکومت مغل گارڈن کیلئے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی حیثیت حاصل کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیر میں بہت سارے اچھے کام ہو رہے ہیں جنہیں کم لاگت کی کارکردگی کے ساتھ وسیع تر کوریج کیلئے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ جموں و کشمیر میں سفری پابندیوں میں نرمی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر نے یہ پیغام دیا کہ ہندوستان اور بیرون ملک سے سیاح کشمیر کا دورہ کریں جو کہ ایک مثبت پیغام دے گا اور سیاحت کے شعبے پر انحصار کرنے والے مقامی لوگوں کے روز گار کے مواقع کو بھی بڑھا دے گا ۔ اس سے قبل سیکرٹری سیاحت و ثقافت جموں و کشمیر سرمد حفیظ نے محکمہ سیاحت کو درپیش کام ، کامیابیوں اور چیلنجوں کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ بعد میں وزیر نے رائل اسپرنگ گالف کورس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء سے بات چیت کی ۔ وزیر نے ڈاچی گام میں ماؤنٹین بائیک مہم کو بھی جھنڈی دکھائی اور ہارون میں پی آر آئی اور عام لوگوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ وزیر کے ساتھ لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر خان ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ، وزارت سیاحت حکومت ہند محترمہ روپندر برار اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔