سرینگر 7 اکتوبر 2021 ئ لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج سول سیکرٹریٹ میں یو ٹی انتظامیہ کے مختلف شعبوں کی موسم سرما کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے موسم سرما کی تیاریوں کیلئے یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے محکموں کے اقدامات اور کاموں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو پہلے سے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی اور منگل تک محکمہ وار ایکشن پلان طلب کیا ۔ موسم کی خرابی سے پیدا ہونے والی مشکلات کیلئے پہلے سے منصوبہ بندی کریں ۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایک مضبوط طریقہ کار موجود ہے تا کہ عام لوگوں کیلئے ضروری خدمات کی رکاوٹ کو کم کیا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے محکموں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں تا کہ بہترین ممکنہ نتائج حاصل کرنے کیلئے ہم آہنگی سے کام کیا جائے ۔ میٹنگ کے دوران لفٹینٹ گورنر نے یو ٹی کے شہری ، دیہی اور دور دراز علاقوں میں ٹرانسفارمرز کو تبدیل کرنے کیلئے مخصوص ٹائم لائینز ترتیب دی ہیں جو بالترتیب 12 گھنٹے ، 24 گھنٹے اور 48 گھنٹے ہیں ۔ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ ٹرانسفارمرز کے بفر سٹاک کو برقرار رکھنے کے بارے میں پوچھ گچھ کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے انہیں تمام اضلاع بالخصوص جن اضلاع میں بھاری برفباری ہوتی ہے کے ٹرانسفارمرز کو معقول بنانے کی ہدایت دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے اے ٹی اینڈ ٹی کے نقصانات کو 10 فیصد کم کرنے کیلئے پچھلی میٹنگ میں دئیے گئے ہدف کی حثیت کے بارے میں بھی دریافت کیا اور نئے اہداف دئیے ۔ پی ڈبلیو ڈی ڈیپارٹمنٹ کی تیاریوں کا جائیزہ لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے بلا روک ٹوک سڑک رابطے اور ٹریفک کے مناسب انتظام کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو قومی شاہراہوں اور تمام مرکزی اور داخلی سڑکوں پر برف صاف کرنے والی مشینری اور برف صاف کرنے کیلئے آلات کی تعیناتی کی بھی ہدایت دی ۔ پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی نے لفٹینٹ گورنر کو سردیوں میں ہموار سڑک رابطے کو یقینی بنانے کیلئے فیلڈ سٹاف کو دی گئی ہدایات سے آگاہ کیا ۔ صحت کے شعبے کی تیاریوں کا جائیزہ لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر کو آگاہ کیا گیا کہ طبی سامان کے ذخیرے کو یقینی بناتے ہوئے ضلع وار کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے ہدایت دی کہ ادویات کی دستیابی اور یو ٹی کے تمام برفانی علاقوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ۔ محکمہ خوراک ، سول سپلائیز اور امورِ صارفین کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے ڈیپو میں راشن سمیت ضروری اشیاء کا کافی ذخیرہ رکھیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے پیٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی کی سپلائی پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت دی ۔ اسی طرح پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ اور ایس ایم سی کو ہدایت دی گئی کہ موسم سرما کی خرابی سے نمٹنے کیلئے افرادی قوت اور مشینری تیار ک جائے ۔ جموں اور کشمیر کے ڈویژنل کمشنرز سے کہا گیا کہ وہ موسم سرما کی تیاریوں کے حوالے سے اپنے متعلقہ ڈویژنوں کے دور دراز اور برف باری والے دور دراز علاقوں کا پیچیدہ منصوبہ تیار کریں ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ اٹل ڈولو ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم وویک بھاردواج ، پرنسپل سیکرٹری ہوم شالین کابرا ، پرنسپل سیکرٹری ایچ یو ڈی ڈیدھیرج گپتا ،آر ڈی ڈی اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، پرنسپل سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) ڈیپارٹمنٹ شلیندر کمار ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی منوج کمار دویدی ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، کمشنر سیکرٹری جل شکتی ڈیپارٹمنٹ ایم راجو ، اے ڈی جی پی ٹریفک جے اینڈ کے ٹی نمگیال ، آئی جی پی کشمیر وجے کمار ، ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لانگر ، ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز ، چیف انجینئرز اور دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں ذاتی طور پر اور ورچول موڈ کے ذریعے شرکت کی ۔