بانڈی پورہ:مرکزی حکومت کے جاری عوامی رَسائی پروگرام کے حصے کے طور پر مرکزی وزیر ماحولیات ، جنگلات ، موسمیاتی تبدیلی ، محنت و روزگار بھوپندر یادو نے آج بانڈی پورہ ضلع کا دورہ کیا ۔ وزیر موصوف نے بحالی اور تحفظ کے کاموں کا معائینہ کیا ، کئی پروجیکٹوں کا ای۔ افتتاح کیا ، کئی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور عوامی وفود سے ملاقات کی ۔ اِس موقعہ پر مرکزی وزیر موصوف کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری ماحولیات ، جنگلات ، موسمیاتی تبدیلی ، رامیشور پرساد گپتا ، ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین عبدالغنی بھٹ ، ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات ، جنگلات ، موسمیاتی تبدیلی روی اگروال ، کمشنر سیکرٹری جنگلات سنجیو ورما ، پی سی سی ایف ٖاکٹر موہت گری ، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر علی افسر خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ظہور احمد میر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے ۔ وزیرموصوف نے بعد میں سنبل میں ہلال آباد نیسبل میں 3.00 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پبلک پارک کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے آرام پورہ بانڈی پورہ میں فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا جو 1.53 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے بیک ٹو ولیج پروگرام ، منریگا اور 14 ویں ایف سی کے تحت 2.62 کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع بانڈی پورہ میں سڑکوں ، ٹائل راستوں اور پلوں کے ذریعے دیہی روڈ رابطے کا بھی افتتاح کیا ۔ قبل ازیں ڈی سی بانڈی پورہ نے ایک مختصر پاور پوائینٹ پرزنٹیشن دیا جس میں میگا وولر کنزرویشن پروجیکٹ سمیت ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا ۔ وزیر نے یو ٹی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جھیل کے تحفظ اور ضلع میں سیاحت کے شعبے کو بلند کرنے کی کوششوں کو سراہا اور افسران پر زور دیا کہ وہ زیادہ جوش کے ساتھ کام کریں تا کہ وولر جھیل کو بین الاقوامی سیاحتی نقشے پر لایا جا سکے ۔ وزیر نے صفائی مہم میں بھی حصہ لیا اور ’[ آزادی کا امرت مہوتسو ‘] کے حصے کے طور پر شروع کی گئی وولر صفائی مہم کا افتتاح کیا ۔ مسٹر یادو نے ایک کتابچہ بھی جاری کیا جو کہ ’’ پرندوں کیلئے گائیڈر ‘‘ ہے جو سیاحوں کو جھیل میں موجود ہجرت کرنے والے پرندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ معلومات کے بارے میں جاننے میں مدد دے گا ۔ وزیر نے وولر جھیل کے کنارے رہنے والے مقامی لوگوں میں سولر لائیٹس ، سکول کٹس اور یتیم بچوں میں تعلیمی کٹس بھی تقسیم کیں ۔ بعد میںمتعدد وفود ، چیئر مین ڈی ڈی سی عبدالغنی ، ضلعی ترقیاتی کونسل کے اراکین بشمول ڈاکٹر غلام مصطفی خان اور دیگر ، بی ڈی سی کے چیئر پرسن ، سرپنچ اور دیگر پی آر آئی اراکین نے وزیر سے ملاقات کی اور انہیں مختلف عوامی مسائل سے آگاہ کیا اور مسائل کے حل کیلئے ان کی مداخلت طلب کی۔مرکزی وزیر نے تما م وفود اور اَفراد کو بغور سنا اور ان کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے حکومت کی طرف سے مثبت جواب کی یقین دہانی کرائی ۔