سرینگر: لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج سماج پر زور دیا کہ وہ خصوصی طور پر معذور افراد کو کامیاب زندگی کی طرف آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ مشیر نے یہ بات ایس کے آئی سی سی سرینگر میں منعقدہ ’’ معذور افراد کے عالمی دن ‘‘ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ ان خصوصی افراد کو ’’ حقیقی زندگی کے ہیرو ‘‘ قرار دیتے ہوئے مشیر نے کہا کہ کشمیر میں ان میں سے بہت سے اسٹیفن ہاکنگ کی طرح بصیرت اور باصلاحیت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام سفر میں تمام تر مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود انہوں نے کھیل ، تعلیم اور سول سروسز سمیت مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور معاشرے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعاون کسی جسمانی معذوری کے ساتھ ایک عام شخص کے تعاون سے زیادہ ہے ۔ مشیر نے معاشرے پر زور دیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور ان خصوصی افراد کو کامیاب زندگی کی طرف آگے بڑھانے کیلئے مدد گار ہاتھ آگے بڑھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہمیں بحثیت معاشرہ اور حکومت دونوں کو ان کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو جاننے کیلئے خود کو حساس بنانا چاہئیے ۔ ‘‘ اس موقع پر مشیر نے پینٹنگ مقابلے میں حصہ لینے والے جیتنے والے طلباء کو بھی مبارکباد دی ۔ اس موقع پر نوجوان خصوصی افراد نے اپنی رنگا رنگ پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا جبکہ مختلف نامور فنکاروں نے بھی لوگوں کو ان خصوصی طور پر معذور افراد کے تئیں ان کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے دو اسکٹس پیش کئے ۔ اس موقع پر انشا بشیر اور محترمہ عشرت ٹوئن وہیل چئیر باسکٹ بال کھلاڑیوں سمیت خصوصی طور پر قابل رول ماڈلز ، کھلاڑیوں کو ان کی ہمت اور مختلف شعبوں میں کامیابیوں پر مبارکباد دی گئی ۔ اس پروگرام کا اہتمام محکمہ سماجی بہبود اور ہوپ ڈس ایبلٹی سنٹر نے مشترکہ طور پر جے اینڈ کے ری ہیبلی ٹیشن کونسل ، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ، محکمہ ثقافت اور محکمہ کھیل کونسل کے اشتراک سے کیا تھا ۔ اس موقع پر بولتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس کونسل نزہت گل نے کہا کہ ہمیں ان خصوصی افراد میں شامل ہونا فخر محسوس کرنا چاہئیے جنہوں نے اپنی ہمت اور جذبے سے ثابت کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں سے سُپر ہیروز بننے کے قابل ہیں ۔ اس موقع پر ڈی جی ویلفئیر بشیر احمد ڈار ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر بحالی کونسل اشفاق احمد ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر ، ڈائریکٹر ہوپ ڈس ایبلٹی سنٹر سمیع وانی نے بھی خطاب کیا اور ان خصوصی افراد کی لگن کو سراہا جنہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ امیر علی ، سپیشل سیکرٹری خورشید احمد سنائی ، او ایس ڈی ٹو ایڈوائیزر محمد اشرف حقاق بھی موجود تھے ۔ اس پروگرام میں خصوصی طور پر معذور افراد ، ضلع پروگرام افسران ، ڈاکٹر ، سی ڈی پی او ، سپروائیزر ، آنگن واڑی کارکنان ، آشا ورکرز اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔