سرینگر: محکمہ اعلیٰ تعلیم ( ایچ ا ی ڈی ) کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے سوموار کو قومی تعلیمی پالیسی ( این ای پی ) 2020 کو انقلابی پالیسی قرار دیا اور کہا کہ یہ پالیسی مرحلہ وار ہندوستان میں پورے اعلیٰ تعلیمی ماحولیاتی نظام کو تبدیل کرنے کا وعدہ کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنمنٹ کالج برائے خواتین ایم اے روڈ آڈیٹوریم میں دو روزہ قومی کانفرنس’’ این ای پی 2020تیاری اور عمل درآمد ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے اس بات کا اعادہ کیا کہ این ای پی 2020 تمام متعلقہ افراد کی جانب سے کافی بات چیت ، غور و خوض اور تجاویز کے بعد وجود میں آیا ۔ مسٹر کنسل نے کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ اب وقت آ گیا ہے کہ پیکج کو نافذ کیا جائے اور جب پالیسی کے نفاذ کی بات آتی ہے تو ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے ۔ ہمارے تعلیمی معیارات کے محافظ ہونے کے ناطے یونیورسٹیوں کا ایک اہم کردار ہے ۔ اس کے علاوہ کالجوں میں بہت زیادہ کوششیں ہوتی ہیں کیونکہ ان اداروں کو عمل درآمد کی قیادت کرنی ہو گی ۔ ‘‘ پرنسپل سیکرٹری نے این ای پی کے وسیع خاکوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی پاس آؤٹ اور طلباء کی مہارتوں کی ملازمت پر توجہ مرکوز کرتی ہے جہاں یہ طلباء ایک مناسب اور متحرک تعلیمی ماحولیاتی نظام کے ذریعے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالجوں میں تحقیق اور اختراعی ایکو سسٹم بنانے کی ضرورت ہے جہاں بہتر اور معیاری تعلیم کے لئے طلباء اور معاشرے کیلئے آئیڈیاز کو عملی شکل دی جائے ۔ کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر قیوم حسین نے اپنے خطاب کے دوران ہندوستان کی معیشت کے چہرے کو بدلنے میں این ای پی 2020 کی اہمیت کے بارے میں بات کی اور یہ ملک کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ثابت ہو گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے امید ظاہر کی کہ این ای پی 2020 کو جموں و کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا ۔ دو روزہ کانفرنس کے پہلے دن ’ ملٹی ڈسپلنری اینڈ ہولیسٹک ایجوکیشن ‘ پر ایک ٹیکنیکل سیشن بھی منعقد ہوا جس کی صدارت کشمیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے کی ۔ کانفرنس کے دوران کئی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے علاوہ این ای پی 2020 کے نفاذ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کرنے کیلئے ممتاز ماہرین تعلیم اور منتظمین پینل مباحثوں میں حصہ لیں گے ۔