سرینگر :پاکستان میں حکومت کی تبدیلی سے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑے گاکا دعویٰ کرتے ہوئے فوج کی 16 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹنٹ جنرل مجندر سنگھ نے کہا کہ سرحدوںپر فوج چوکس ہے اور اُ س پا ر سے ہونی والی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیںہونے دیا جائے گا ۔ سی این آئی کے مطابق فوج کی 16 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹنٹ جنرل مجندر سنگھ نے منگل کو پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ آگے کی چوکیوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔حکام نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل سنگھ نے مینڈھر سیکٹر میں ایل او سی پر تعینات ایس آف سپیڈس گنرز کے دستوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایل او سی پر فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ جنرل سنگھ نے بہادر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کی بھی تعریف کی۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی پاکستان کا اندرونی معاملہ تھا۔ نہوںنے کہا ’’مجھے نہیں لگتا کہ اس سے ایل او سی کی صورتحال پر کوئی اثر پڑے گا۔ ہماری فوجیں انتہائی چوکس ہیں اور ہماری فکر اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دراندازی کی کوئی کوشش نہ ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ فوج کو اطلاع ملی ہے کہ اس پار لانچنگ پیڈوں پر عسکریت پسند موجود ہے اور انٹیلی جنس رپورٹ سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کم ہی عسکریت پسند وہاں موجود ہے جو اس پار داخل ہونے کی کوشش میں ہے ۔ جموں کے علاقے میں ڈرون کی سرگرمیوں کے بارے میںپوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں لیفٹنٹ جنرل نے کہا کہ ڈرون بڑے پیمانے پر ہتھیاروں اور منشیات کو گرانے کیلئے استعمال کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدوںپر بی ایس ایف مؤثر طریقے سے اس سے نمٹ رہا ہے۔ جبکہ ڈرون کی سرگرمیاں زیادہ تر بین الاقوامی سرحد پر ہی دیکھنے کو ملی ہے کنٹرول لائن پر نہیں۔