سری نگر//اپیل ٹائون اورچھوٹا لندن کے نام سے مشہور قصبہ سوپور کے مسلمانوں نے اُسوقت پھرایک بار مذہبی رواداری اورانسانی ہمدردی کی شمع کوروشن کیا ،جب یہاں ایک غیرریاستی ہندئو نوجوان کی موت واقعہ ہوئی اورمقامی مسلمانوں نے اسکی آخری رسومات کاسارا انتظام واہتمام بھی کیا ۔کشمیر نیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق قصبہ سوپور میں ایک کرایہ کمرے اپنے افراد خانہ کے ہمراہ مقیم 25سالہ ہندئو نوجوان پون کمار ولدپوکھن کمار ساکنہ فیروزپور پنجاب سوموار کی صبح انتقال کرگیا ۔چونکہ اُسکے ساتھ یہاںکچھ ہی افراد خانہ تھے ،اسلئے متوفی نوجوا ن کی آخری رسومات انجام دینے کامسئلہ پیداہوا۔متوفی ہندئو نوجوان پون کمار کے اہل خانہ نے بتایاکہ وہ گزشتہ دنوں صدر اسپتال سری نگرمیں زیرعلاج رہا۔انہوں نے کہاکہ صدراسپتال سے رُخصت کرتے وقت ڈاکٹروںنے پون سے تاکید کی تھی کہ وہ منشیات کااستعمال نہ کرے ۔متوفی نوجوان کے غمزدہ افرادخانہ نے بتایاکہ اتوار کورات دیرگئے پون کی حالت بگڑگئی اورہم نے اُس کوسب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیاجہاں وہ سوموار کوعلی الصبح دم توڑ بیٹھا ۔انہوں نے کہاکہ پون کی موت واقعہ ہونے کے بعدہم پریشان تھے کہ اسکی آخری رسومات کہاں اورکیسے انجام دیں لیکن اسی بیچ جب مقامی مسلمانوںکوپون کمار کے فوت ہونے کی خبرملی تووہ ہماری ڈھارس بندھائی کیلئے آئے ،اورپون کی آخری رسومات کاساراانتظام مقامی مسلمانوں نے کیا ۔انہوں نے کہاکہ ساراانتظام کرنے کے بعدمقامی لوگوں نے پون کی میت کوچھانہ کھن سوپورکے نزدیک دریائے جہلم کے کنارے پہنچایا ،اوریہاں مقامی مسلمانوں نے پون کمارکی آخری رسومات انجام دیتے وقت ہماری پوری مددکی اوروہ آخری رسومات مکمل ہونے تک یہیں موجودرہے ،جس کیلئے ہم مقامی لوگوں کے ازحدمشکور ہیں۔