سری نگر:٢٩، ستمبر:جے کے این ایس : مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے 3روزہ دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر حکومت نے جموں ،سری نگر ،بارہمولہ اورراجوری میں ضروری انتظامات مکمل کرنے کیلئے سینئر سرکاری افسروںکوذمہ داریاں تفویض کردی ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات حکومت کے سیکرٹری ڈاکٹرپیوش سانگلا(آئی اے ایس ) کی جانب سے27 ستمبر 2022 کو جاری ایک گورنمنٹ آرڈر زیرنمبر 1114-JK(GAD) آف 2022 میں کہاگیاہے کہVVIPیعنی خاص الخاص شخصیت (مرکزی وزیرداخلہ) کے ماہ اکتوبر کے پہلے پندرہواڑے میں ہونے والے دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر مختلف مقامات پر ہونے والی تقریبات کیلئے انتظامات کی تیاریوں ودیکھ ریکھ کیلئے درج ذیل افسروںکوذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔بمطابق سرکاری آرڈر بارہمولہ میں ہونے والی تقریب (عوامی ریلی) کیلئے ضروری انتظامات کی نگرانی پرنسپل سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کریں گے ۔راجوری میں منعقد ہونے والی تقریب (عوامی ریلی) کی ذمہ داری پرنسپل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم کودی گئی ہے ۔کنوینشن سینٹر جموںمیں ہونے والی تقریب کیلئے انتظامات کی ذمہ داری کمشنر سیکرٹری محکمہ مال کوسوپنی گئی ہے ۔اسی طرح سے رج بھون میں منعقد ہونے والے پروگراموں کیلئے انتظامات کی ذمہ داری سیکرٹری محکمہ سیاحت انجام دیں گے اورشری ماتاویشنو دیوی میں ضروری انتظامات کی ذمہ داری چیف ایگزیکٹو افسرویشنو دیوی شرائین بورڈ کوتفویض کی گئی ہے ۔خیال رہے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نئے شیڈول کے تحت 3اکتوبرکی شام کوجموں وکشمیر کے3روزہ دورے کے سلسلے میں جموں پہنچیں گے ،جہاں سے وہ اگلے روزیعنی4اکتوبر کو ویشنو دیوی مندرمیں حاضری دیںگے اوراسکے بعدراجوری میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔اسکے اگلے روزہ یعنی5 مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کشمیر کادورہ کریں گے ،اوریہاں بارہمولہ قصبے میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔مزید برآں مرکزی وزیرداخلہ جموں اورسی نگرمیں سیول وسیکورٹی حکام کی میٹنگوںمیں جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اورجاری ترقیاتی کاموں ومرکزی اسکیموںکی عمل آوری کاجائزہ بھی لیں گے ۔