نئی دہلی، : وزیر اعظم کے دفتر میں چیف انفارمیشن سیکورٹی آفیسر گلشن رائے نے سائبر سیکورٹی کو موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل جرائم کو روکنے کے لیے عوامی بیداری ضروری ہے اور اس کے ذریعے ہی اس بحران سے موثر طریقے سے نمٹا جا سکتا ہے۔یہاں سائبر سیکورٹی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر رائے نے کہا کہ سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے بیداری کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جانا چاہیے کیونکہ یہ اس بحران کو حل کرنے کا یہی سب سے موثر طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو سائبر سیکورٹی کے بارے میں بیدار کرنے کی سمت میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔سائبر سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے معاملے میں دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ نیتی آیوگ کے مطابق امریکہ اور چین کے بعد ہندوستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ایک سروے کے مطابق یہ تعداد 2012 سے 2017 کے درمیان 44 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھی ہے۔ماہرین نے کہا کہ آن لائن سیکورٹی فرم سمنٹیک کورپ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان سائبر کرائم سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے سرفہرست پانچ ممالک میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس و ایس ایم ایز اور حکومت بڑے کارپوریشنز اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کر کے ملک کو سائبر سیکورٹی اور تحفظ کے لیے بہتر پوزیشن میں لایا جاسکتا ہے۔