سری نگر/11؍اکتوبر2022ء: لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سوموار کو کہا کہ عالمی دُنیا میں تیز رفتار ترقی اور بڑھتے ہوئے رابطے کے ساتھ وائرس کی منتقلی کا مسئلہ یومیہ بنیادپر بڑھتا جارہا ہے۔مشیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ’’ اُبھرتے ہوئے وائرل ا،نفیکشنز ، چیلنجز اور آگے ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ قومی سطح کی کانفرنس و ورکشاپ سے خطاب کرنے کے دورا ن کیا۔کانفرنس کا اِنعقاد پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ آف مائیکرو بیالوجی جی ایم سی سری نگر نے آئی سی ایم آر نئی دہلی کے اِشتراک سے کیا تھا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے نامور ڈاکٹروں ، طبی محققین اور دیگر سکالروں کے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی دنیا کی وجہ سے وائرس کی منتقلی بڑھ رہی ہے اور ہمیں مستقبل میں کسی بھی قسم کی وائرل ایمرجنسی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مستقبل کے چیلنجوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اَپنے بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے ضرورت ہے جو وائرس بنی نوع اِنسان کے لئے لاحق ہوسکتے ہیں۔مشیر موصوف نے اِس قومی سطح کی کانفرنس کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے روشنی ڈالی کہ یہ کانفرنس وائرل انفیکشن کے چیلنجوں سے نمٹنے اور ہمیں مستقبل میں کسی بھی قسم کی وَبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے تیار کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔اُنہوں نے جی ایم سی سری نگر اور آئی سی ایم آر کی اس قسم کی کانفرنس کے اِنعقاد کے لئے سراہنا کی۔اُنہوں نے اِس موقعہ پر ایک سووینئر ’’ ایم ویر کان۔ 2022 ‘‘ بھی جاری کیا۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کما ر نے کانفرنس سے عملی طوپر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس وائرل بیماریوں کے موجودہ مسائل پر توجہ دے رہی ہے اور اِس لئے موجودہ دُنیا میں اس کی بہت اہمیت ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں جموںوکشمیر حکومت نے تمام صحت سہولیات میں طبی بنیادی ڈھانچہ کو بڑھایا ہے۔پرنسپل جی ایم سی سامیہ رشید نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار ترقی کی وجہ سے اِنسانوں اور جانوروں کے درمیان رابطہ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں متعدد وائرل بیماریاں جنم لے رہی ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی مسلسل حمایت کی وجہ سے جی ایم سی نے کووِڈ وَبائی مرض سے کامیابی کے ساتھ نمٹا ہے۔