سری نگر، 8 جولائی//جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں دو شبانہ مسلح جھڑپوں کے دوران چار جنگجو مارے گئے ہیں۔یہ مسلح جھڑپیں ضلع پلوامہ کے پوچھل اور ضلع کولگام کے زوڈار میں رونما ہوئی ہیں۔جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع کولگام کے زوڈار میں ہونے والی ایک مسلح جھڑپ کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس جنگجو مخالف آپریشن میں کولگام پولیس اور فوج کی ایک آر آر نے حصہ لیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایسی ہی ایک جھڑپ ضلع پلوامہ کے پوچھل میں رونما ہوئی جس میں دو جنگجو مارے گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔اس دوران کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ وادی میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ جنگجو مارے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز ان آپریشن کے لئے مبارکبادی کے مستحق ہیں کیوں کہ ان کے دوران ہمارا یا عوام کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔قبل ازیں جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ اس نے معراج الدین حلوائی عرف عبید نامی حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر کو ایک جھڑپ میں ہلاک کیا ہے۔