سری نگر،9 جولائی:شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور کے بوٹنگو علاقے میں جمعرات کی شام دیر گئے ایک سڑک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد جان بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ سوپور کے بوٹنگو علاقے میں جمعرات کی شام دیر گئے ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد کی موت جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل چلانے والے کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور سب ضلع ہسپتال سوپور منتقل کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں زخمیوں کو بعد میں سری نگر منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے جمعے کی صبح ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔مہلوکین کی شناخت 20 سالہ آزاد احمد لون ولد غلام رسول لون، جو موٹر سائیکل چلا رہا تھا اور راشد نذیر میر ولد نذیر احمد میر ساکنان ہتھلنگو سوپور جبکہ زخمی کی شناخت محمد عمر لون ساکن ہتھلنگو سوپور کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں وار پورہ پولیس چوکی میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ (یو این آئی)