نئی دہلی؍ 22جنوری:
الیکشن کمیشن آف انڈیا انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ووٹنگ کی شفافیت کے موضوع پر اس ہفتے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں منعقد کی جا رہی ہے جب ہندوستان میں اپنے اصل علاقوں سے ملک کے دیگر مقامات پرتعلیم، معاش اور روزگار کے لیے جانے والے ووٹروں کوالیکٹرانک طریقے سے وہاں سے اپنے علاقوں میں ووٹ ڈالنے کے لیے سہولت کے لئے الیکشن کمیشن کی تجویز پر اپوزیشن نے اعتراضات دائر کیے ہیں۔ اپوزیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں گڑبڑ کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی ریلیز کے مطابق اس کانفرنس کا انعقاد نئی دہلی میں 23 اور 24 جنوری کو کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کا افتتاح چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کریں گے اور اختتامی سیشن سے الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے خطاب کریں گے۔ الیکشن کمشنر ارون گوئل کانفرنس کے پہلے تکنیکی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
کمیشن مختلف ممالک کے انتخابی اداروں کے ایک گروپ کی قیادت کرتا ہے جو انتخابی عمل میں اصلاحات کے بارے میں اکثر بات چیت کرتے رہتے ہیں۔ اس گروپ کی پہلی کانفرنس ‘الیکشن مینجمنٹ باڈیز کے رول، رولز اور اہلیت ٹیکنالوجی کے استعمال اور ووٹنگ کی شفافیت کے موضوع پر گزشتہ سال 31 اکتوبر سے یکم نومبر تک دہلی میں منعقد ہوئی جس میں 11 ممالک کے انتخابی انتظامی اداروں کے 50 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی تھی۔