مانیٹرنگ//
جموں، 18 اپریل//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں جموں و کشمیر بینک کی 7 نئی شاخوں کو قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکام نے ان سات نئی شاخوں کے قیام کو منظوری دی ہے۔موصوف مرکزی وزیر نے یہ جانکاری اپنے ٹیوٹر ہینڈل پر ٹویٹ کرکے فراہم کی۔انہوں نے کہا: ‘ہمارے پارلیمانی دفتر کی طرف سے جموں و کشمیر بینک کے چیئر مین بلدیو پرکاش کو پیش کردہ ضرورت فہرست ،جہاں بینک برانچ قائم کرنا لوگوں کا مطالبہ تھا، کے جواب میں ضلع کٹھوعہ میں 7 برانچوں کو منظوری دی گئی ہے۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ جن علاقوں میں نئے بینک برانچ قائم کئے جا رہے ہیں ان میں دھر مہان پور، ہٹ، ڈوگن، لوانگ، چکرا، بدھی اور شیتل نگر (بھون)شامل ہیں۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا کہ اودھم پور- ڈوڈہ – کٹھوعہ لوک سبھا حلقہ انتخاب کے دوسرے اضلاع میں بھی نئے بینک برانچ قائم کئے جانے والے ہیں۔دریں اثنا لوگوں نے موصوف مرکزی وزیر کے اس اقدام کی سراہنا کی ہے اور کہا ہے کہ ان علاقوں میں نئے بینک برانچ قائم کرنے کی اشد ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ ان بینک برانچوں سے لوگوں کو کافی آرام پہنچے گا۔