نیوز ڈیسک//
جموں، 13 جون: مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اور سیاحت اجے بھٹ کا کہنا ہے کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں ترقی کی نئی بہار آرہی ہے ۔موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں اب ترقی کی ندیاں بہہ رہی ہیں آج یہاں سارے لوگ خوش ہیں، بیوپاری، شکارہ والے خوش ہیں اور ہوٹل بھرے ہوئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا: ‘دفعہ 370 ہٹنے کے بعد یہاں لوگوں کو معلوم ہوا کہ جمہوریت اور ترقی کیا ہوتی ہے۔ جناب اجے بھٹ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بدنام کیا جا رہا ہے لیکن اس سے مودی جی زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘جب سرجیل اسٹرائیک ہوئی تھی تو اس وقت جو زبان پاکستان بولتا تھا وہی اپوزیشن بھی بولتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ 2024 کے انتخابات میں بھی بی جے پی کی ہی جیت ہوگی۔