کشمیر انفو//
سری نگر/08 ؍جولائی:صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے سنیچروار کو اَفسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی جس میں حجاج کرام کی مطلوبہ سہولیات فراہم کرنا اور اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔حجاج کرام کا پہلا قافلہ 18؍ جولائی 2023ء کو سعودی عرب سے حج کی اَدائیگی کے بعد واپس آئے گا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ائیر پورٹ ، ایس ایس پی ٹریفک ، اے ڈی سی ایس جی آر ، سی اِی او حج کمیٹی ، جے ٹی۔ کمشنر ایس ایم سی ،ایس اِی کسٹمز ، سی آئی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے نمائندے ، حج آفیسر کے علاوہ جل شکتی ، کے پی ڈی سی ایل ، فائر اینڈ ایمرجنسی ، سیکورٹی ، ہوم گارڈز ، ایس آر ٹی سی وغیرہ کے نمائندو ں نے شرکت کی۔اِس دوران کشمیر ، جموں اور کرگل کے تمام اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ابتداً، صوبائی کمشنر نے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ 2023ء کے سالانہ حج کا فریضہ اَدا کرنے بعد سعودی عرب سے واپسی پر حجاج کرام کے اِستقبال کی سہولیت فراہم کریں۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ اِس برس جموںوکشمیر اور لداخ سے 12,000 حجاج کرام نے حج کا فریضہ اَدا کیا۔سعودی عرب سے سری نگر کے لئے واپسی حج پروازیں 18؍ جولائی سے 2 ؍ اگست2023ء تک چلیں گی۔مجموعی طور پر 38 پروازیں حجاج کرام کو سعودی عرب سے یہاں لے کر آئیں گی۔ پہلے تین دِن دو پروازیں چلیں گی اور اِس کے بعد تمام حجاج کرام کی واپسی تک تین پروازیں چلیں گی۔میٹنگ میں حج پروازوں کی آمد، اِستقبالیہ ، آمد کے اَوقات ، سامان اور آب زم زم کی ائیر لفٹنگ ، ہوم گارڈز کے رضاکاروں کی تعیناتی ، پارکنگ سہولیات ، حاضرین کو گاڑیوں کے پاس اور حجاج کرام کے لئے ٹرانسپورٹ کے اِنتظامات سے متعلق مختلف اَمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے سی اِی او حج کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ ہوائی اَڈے میں داخل ہونے والے حجاج کرام کے حاضرین کے لئے کلر کوڈ والے پاس کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو طبی سہولیات کے قیام ، عملے کے ساتھ فائیر ٹینڈروں کی تعیناتی، ہوائی اڈے پر ٹریفک کے ضابطے کے علاوہ حج ہاؤس میں پینے کے پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور حج ہاؤس کے اِرد گرد مناسب صفائی ستھرائی وغیرہ کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حجاج کرام کے اِستقبال کے لئے صرف پاس والی گاڑیوں کو ائیر پورٹ کے احاطے میں داخل ہونے کی اِجازت ہوگی ۔ اِس کے علاوہ حجا ج کرام کی سہولیت کے لئے ہوائی اَڈے پر ہوم گارڈز تعینا کئے جائیں گے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے اَیس اِی کسٹمز کو ہدایت دی کہ لازمی سکریننگ کے لئے ہوائی اَڈے پر کافی اَفرادی قوت کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے اَفسروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ حجاج کرام کے لئے مناسب اِنتظامات کو یقینی بنائیں اور ان کی بغیر پریشانی سے آمد اور ان کے متعلقہ مقامات تک آسان سفر کو بھی یقینی بنائیں۔صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے جے اینڈ کے آر ٹی سی اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ حجاج کرام کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے مناسب تعداد میں بسیں مہیا کریں۔