نیوز ڈیسک//
سرینگر/09جولائی:موسمی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی بارشوں کا سلسلہ تھم جانے کے بعد دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ متواتر بارشوں کے بعد موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی پیدا شدہ سیلابی خطرے کے امکانات انتہائی کم ہوئے ۔ادھر اری گیشن و فلڈ کنٹرول کے حکام نے کہا ہے کہ سیلابی خطرات کم ہوگئے ہیں کیو نکہ دریائے جہلم میں پانی کی سطح قرار میں ہے، تاہم صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔اس دوران لوگوں نے راحت کی سانس لی جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے موسم میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان ظاہرکرتے ہوئے آئندہ ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں موسلادھار بارشوں سے پیدا شدہ سیلابی خطرے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ اگر چہ اتوار کی صبح بارشوں کا سلسلہ تھم گیا تاہم دریائے جہلم میں کئی مقامات پر پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپرہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ اری گیشن و فلڈ کنٹرول حکام سے معلوم ہوا ہے کہ بارشوں کاسلسلہ تھم جانے کے باوجود د دریائے جہلم اتوار کی شام تک سنگم، رام منشی باغ ، عشم تینوں پیمائش کے مقامات پر خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہا تھا ۔ محکمہ اری گیشن و فلڈ کنٹرول کے حکام کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں کافی حد تک سیلابی خطرات ٹل گئے ہیں تاہم مزید بارشوں کے پیش نظر صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے ۔ ۔جنوبی کشمیر میں دریائے جہلم کی طرح ہی دوسرے ندی نالوں میں سطح اب بھی بلند بنی ہوئی ہے۔ جنوبی کشمیر کے شوپیان اور کولگام ضلعے میں سیلاب نے زیادہ نقصان کیا ہے۔بار مولہ، کپوارہ ، بانڈی پورہ اور گاندربل میں بھی ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو تازہ موسلادھار بارشیں شروع ہونے کے ساتھ ہی دریائے جہلم سمیت تمام ندی نالوں میں پانی کی سطح کافی بڑھ گئی تھی جس کے نتیجے میں سیلابی خطرات کے امکانات مزید بڑھ گئے تھے تاہم بارشیں تھم جانے کے ساتھ ہی یہ امکانات کم ہوگئے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح سے وادی کشمیر میں موسم میں کافی بہتری آئی ہے اور یہ کہ بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر موسمی صورتحال اسی طرح رہتی ہے جو سیلابی خطرات پیدا ہوگئے تھے وہ مزید کم ہونگے ۔۔ انہوںنے کہا کہ اگر چہ موسمی حالات بہتر ہورہے ہیں لیکن انتظامیہ کسی طرح کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتی ہے اور یہ کہ مختلف مقامات پر کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک موسم بہتر رہنے کا امکان ہے ۔