سرینگر : ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے آج سرینگر ضلع کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے تہوار پر کووڈ 19 ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہنے کو یقینی بنائیں ۔ ڈی سی نے کہا کہ اگرچہ کووڈ 19 کے حوالے سے صورتحال دن بدن بہتر ہو رہی ہے لیکن ماسک پہننا ، سماجی دوری کو برقرار رکھنا ، ہاتھ دھونا اور اجتماعات سے اجتناب لازمی ہے تا کہ وہ مہلک وبائی بیماری کی انفیکشن سے اپنے خاندان اور ساتھی شہریوں کی حفاظت کر سکیں ۔ ڈی سی نے یہ بات آج یہاں سرینگر ضلع میں کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔ ڈی سی نے بتایا کہ ویکسی نیشن کی جاری مہم کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور اب تک 5 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں تحویل میں دی گئی ہیں جو کشمیر ڈویژن میں کووڈ 19 ویکسینوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 45 سے 60 سال کی عمر کے تقریباً 90 فیصد آبادی کو کووڈ 19 کے ٹیکے لگائے گئے ہیں اور صد فیصد ہدف کے حصول کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ وبائی امراض کے دوران عید کے رش کے بارے میں ڈی سی نے کہا کہ اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وائیرس تعطیلات کیلئے نہیں جاتا ہے اس کو غالباً سمجھنا اور کووڈ رہنما خطوط پر عمل نہ کرنا نقصان دہ ثابت ہو گا ۔ ڈی سی نے کہا کہ خود نفاذ سب سے بڑی چیز ہے اور پوری دُنیا میں ہر جگہ مقدس مقامات پر لوگ کووڈ مناسب رویے پر عمل پیرا ہیں اور اسی طرح ہمیں بھی یہاں اس معاملے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔