سرینگر:مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں قائم سبھی پولیس اسٹیشنوں اور مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کی ہدایت دی ہے تاکہ سپریم کورٹ کے حکمنامے کو عملایا جاسکے۔ایس این ایس کے مطابق امور داخلہ کے وزیر مملکت نتایانند رائے نے لوک سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2دسمبر 2020کو اپنے ایک حکمنامے کے تحت ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پولیس تھانوں اور مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنے کی ہدایت دی تھی۔جبکہ رواں سال 6اپریل کو سپریم کورٹ نے ایک اور حکمنامے میں فیصلہ پر عمل درآمد کیلئے مرکزی ایجنسیوں کو اس مقصد کیلئے ایک مہینے کے اندر اندر بجٹ واگذار کرنے کی ہدایت دی تھی۔وزیر مملکت کے مطابق 13اپریل 2021کو سینٹرل ایجنسیوںنے وزارت داخلہ کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے رقومات واگذار کرنے کی درخواست دی جبکہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے بھی از خود سپریم کورٹ میںاپنے جوابات جمع کئے ہیں جن میں انہوں نے پولیس تھانوں اور تفتیشی اداروں کے دفاتر میں سی سی ٹی وی لگانے کے بارے میں پیش رفت کا تفصیلی ذکر کیاہے۔وزیر مملکت کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کے پاس ملک میں قائم پولیس تھانو ں کی حتمی تعداد دستیاب نہیں ہے کیونکہ یہ معاملہ ریاستوں اور یوٹیز کے دائرہ اختیار میں آتاہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو اختیا ر دیا گیا ہے کہ وہ از خود سٹیٹ ایکشن پلان اپنی ترجیح اور ضرورت کے مطابق ترتیب دیں۔