نگران نیوز
سری نگر//جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورونے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ میں سال 2020 کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں منتخب ہونے والے 552 امیدواروں کو دوبارہ قد کی پیمائش کے لیے طلب کیا ہے۔ یہ کارروائی اے سی بی سینٹرل، جموں میں درج ایف آئی آر نمبر 01/2025 کے تحت جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔ سرکاری مراسلے کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اے سی بی سینٹرل، جموں نے ڈائریکٹر جنرل فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو ہدایت دی ہے کہ آرڈر نمبر 823 مؤرخہ 4 اکتوبر 2020 کے تحت منتخب امیدواروں کو 3 اگست کو صبح 10 بجے مقررہ مقامات پر حاضر ہونے کی اطلاع دی جائے تاکہ ان کے قد کی دوبارہ پیمائش کی جا سکے۔یو این ایس کے مطابق 30 جولائی کو جاری مراسلے کے مطابق مختلف اضلاع میں تعینات امیدواروں کو سات مختلف مراکز پر تقسیم کیا گیا ہے۔اے سی بی نے تمام ضلعی سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو بھی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے امیدواروں کو متعلقہ پولیس کنٹرول رومز کے ذریعے مطلع کریں اور مقررہ تاریخ اور وقت پر ان کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو بھی اپنے دائرہ اختیار کے امیدواروں کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔










