سری نگر:صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے بدھ کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں کوروناوائرس کنٹرول میں ہے ۔تاہم انہوںنے ماہرین صحت کے مشوروں کوحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کووڈ19کی ممکنہ تیسری لہر کو صرف کوویڈ مناسب طرز عمل پر سختی کیساتھ عمل کرکے ہی روکا جاسکتا ہے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر نے کہاکہ حکومت جموں و کشمیر میں سالانہ عرس کے موقعہ پر تمام مذہبی مقامات کی باضابطہ تعاون دینے کیلئے ٹھوس پالیسی لے کر آئی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق راج باغ میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ کشمیر اپنی مختلف زبان کیلئے نہیں بلکہ مختلف ثقافت ، تہذیب اور دیگر چیزوں کے لئے مشہور ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے مذہبی عقیدے سے قطع نظر یہاں کے صوفی سنتوں پر یقین رکھتے ہیں اور اس طرح ان مقدس مقامات کی زیارت کرتے ہیں۔پی کے پولے نے کہاکہ اسی بات کومدنظررکھتے ہوئے حکومت ان مقامات کو فروغ دینے کیلئے ، ایک ٹھوس پالیسی لے کر آئی ہے جس کے ذریعے ان مقامات پر سالانہ عرس کیلئے باقاعدہ معاونت کی جائے گی۔کوویڈ 19 کی تیسری لہر کے بارے میں پوچھے جانے پرڈویژنل کمشنر کشمیرنے کہا کہ اس وقت وائرس قابو میں ہے ، لیکن ماہرین صحت نے اس کی ایک اورلہر کے امکانات کی پیش گوئی کی ہے۔انہوںنے کہاکہ صحت ماہرین کے مطابق ، ممکنہ تیسری لہر کو صرف کووڈ19 مناسب طرز عمل پرحرف اور روح پر عمل کرکے ہی روکا جاسکتا ہے۔