سری نگر:جموں کشمیر میں تمام دیہی گھرانوں میں2022ء تک نل کے پانی کا کنکشن فراہم کرنے کی اپنی کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جل جیون مشن جموں و کشمیر نے مرکزی زیر اِنتظام خطے کے تمام سکولوں اور آنگن واڑی مراکز کو فعال نل کے پانی کے کنکشن کو یقینی بنانے کا مشکل کام انجام دیا ہے۔ مشکل علاقوں کے چیلنجوں کے باوجود مقررہ ہدف مارچ 2022ء کے باوجود صد فیصد سکولوں اور آنگن واڑی مراکز کو اس دائرے میں لایا گیا۔مرکزی زیر اِنتظام خطے کے تمام 22ہزار422سکولوں اور 23ہزار926آنگن واڑی مراکز میں کارگر نل کنکشن دستیاب کرائے گئے ہیں۔ اِنڈمان اور نکوبار جزائر کے بعدجموں و کشمیر یہ کارنامہ انجام دینے والا دوسرا مرکزی علاقہ بن گیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور جل شکتی وزیر گجیندر سنگھ شکھاوت کو جموں و کشمیر میں پینے کے صاف پانی کو قابل رسائی بنانے پر مبارک باد دی۔ اَپنے ایک ٹویٹ میں اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر اَمن اور خوشحالی کا مترادف بن گیا ہے۔مرکزی جل شکتی وزیر گجیندر سنگھ شکھاوت نے بھی اس کامیابی کی تعریف کی۔ ایک ٹویٹ میں اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ بالآخر بچوں کو پینے کا صاف پانی مل رہا ہے۔ مودی جی نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کا خواب سچ کر دکھایا۔تمام سکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں نل کے پانی کی فراہمی کے لئے 100روزہ مہم 2؍اکتوبر 2020کو مرکزی جل شکتی وزیر نے شروع کی تھی۔ مرکزی وزیر نے کئی یاستوں کے وزرأ اعلیٰ اور گورنروں کو بھی مکتوب روانہ کیا جس میں انہیں سکولوں کو نلکے کا پانی مہیا کرنے پر زور دیا گیا۔جل جیون مشن کے تحت جموں و کشمیر نے 2022ء تک مرکزی زیر اِنتظام خطے کے ہر دیہی گھر کو نل کا پانی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ خطے میں18لاکھ 35ہزار190 دیہی گھرانے ہیں جن میں سے 10لاکھ27ہزاریعنی 56فیصدگھروں کو نل کے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ گاندربل اور سری نگر نے ’’ ہر گھر نل ‘‘ ضلع بننے کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔ مزید یہ کہ 1056دیہات ہیں ہر گھر کو پینے کا صاف پانی نل سے ملتا ہے۔جموں کشمیر جل جیون مشن کے مشن دائریکٹر سیّد عابد رشیدشاہ نے کہا’’جموں کشمیر میں ہر سکول میں پینے کے پانی کے نل کا کنکشن فراہم کرنے کا ہدف مشکل تھا لیکن ہم نے اس کو وقت سے پہلے مکمل کر لیا۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مستقبل میں ڈھانچے اور وسائل کی مسلسل نگرانی اور دیکھ ریکھ کے ذریعے سپلائی مستحکم رہے۔‘‘جل جیون مشن کا آغاز وزیراعظم نے 15؍اگست 2019ء کو لال قلعے کی فصیل سے کیا تھا۔ اسے 2024ء تک ہر دیہی گھر میں نل کے پانی کے کنکشن فراہم کرنے کے لئے ریاستوں کے ساتھ شراکت میں لاگو کیا جا رہا ہے۔