سرینگر:جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں پولیس اہلکار اور غیر ریاستی شہری کی ہلاکت کے بعد ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر میں تعینات عملے کو متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ یو پی آئی کے مطابق ضلع کولگام میں کل شام مشتبہ ملی ٹینٹوں کی جانب سے پولیس اہلکار اور غیر ریاستی شہری کو نشانہ بنانے کے بعد پورے ضلع میں سیکورٹی کو مستعد کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن بھی شروع کیا گیا جس دوران مکینوں اور راہگیروں کی تلاشی لی گئی۔ ذرائع کے مطابق ضلع کولگام میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کولگام میں سرگرم ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر آپریشن شروع کیا ہے جس کے تحت رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ سیب کے باغات کی بھی تلاشی لی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کولگام ضلع کی سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے اور سینئر پولیس عہدیدار حالات پر نظر گزر رکھے ہوئے ہیں۔ بتادیں کہ کل شام ملی ٹینٹوں نے ضلع کولگام میں ریلوے پولیس اہلکار اور ایک غیر ریاستی شہری پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں کی موقع پر ہی مو ت واقع ہوئی۔