سرینگر:شہری ہلاکتوں کے بیچ مرکزی حکومت نے ملی ٹینسی پر نظر گزر رکھنے والے ماہرین کی ایک ٹیم کو وادی روانہ کیا ہے تاکہ حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر وہ جموںوکشمیر پولیس کو اپنی آراء سے نواز سکے۔معلوم ہوا ہے کہ انٹیلی جنس بیورو کے ’’کاونٹر ٹیرر ‘‘آپریشن کے سربراہ سرینگر پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر ایجنسیوں کے سینئر آفیسران او رماہرین گزشتہ روز ہی وادی پہنچ چکے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق مرکزی حکومت نے شہری ہلاکتوں میں ملوث افراد کے خلاف کڑا رخ اختیار کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ہدایت پر انسداد دہشت گردی ماہرین کی ایک ٹیم سرینگر پہنچ گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ نے ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموںوکشمیر پولیس کو اعتماد میں لے کر ملوث ملی ٹینٹوں کو جلداز جلد مار گرائے۔ ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی میں گزشتہ روز ہوئی میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے ملی ٹینسی پر نظر گزر رکھنے والے ماہرین کی ٹیموں کو فوری طورپر وادی جانے کی ہدایت دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیمیں وادی واردہو چکی ہیں جو حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث افراد کو تلاش کرنے کی خاطر جموںوکشمیر پولیس کے ساتھ میٹنگیں کر رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیورو کے کاونٹر ٹیرر سربراہ ’’تپن ڈیکا ‘‘جمعہ کے روز سرینگر پہنچے ہیں جس دوران انہوںنے پولیس کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی ہیں۔ نئی دہلی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دوسری سیکورٹی ایجنسیوں ، سراغ رساں اداروں کے سینئر عہدیداران اور ماہرین بھی کشمیر وارد ہو چکے ہیں جو شہری ہلاکتوں کے کیسوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق حالیہ شہری ہلاکتوں میں پاکستانی ملی ٹینٹ تنظیموں کا ہاتھ ہے جو یہاں اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق شہری ہلاکتوں کے دوران پستول کا استعمال کیا گیا ہے اور مذکورہ پستول ڈرونز کے ذریعے وادی کے پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے ہیں۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ شہری ہلاکتوں میں ملوث ملی ٹینٹوں کو آنے والے دنوں کے دوران مار گرایا جائے گا لیکن پاکستان کی جانب سے کشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل وزیر داخلہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں منعقدہ میٹنگ کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کو سخت ہدایت دی ہیں کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر ملوث ملی ٹینٹوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں تاکہ وادی کشمیر میں پھر سے امن واپس لوٹ آسکے۔