سری نگر:نیشنل کانفرنس کے سابق صوبائی صدر جموں دویندرسنگھ رانا اورپارٹی سے علیحدہ ہوئے ایک اورسینئرلیڈرسرجیت سنگھ سلاتھیہ نے قیاس آرائیوں کے عین مطابق مرکز میں برسراقتدارجماعت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔جموں صوبہ کے دونوں سینئرسیاسی لیڈروں اورسابق ممبران اسمبلی کابھاجپا میں شامل ہونے پر مرکزی وزیرہردیپ سنگھ پوری ،دھرمندر پردھان اورڈاکٹر جتندرسنگھ نے خیرمقدم کیا۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس )کے مطابق دفعہ370کی منسوخی اورجموں وکشمیرکی تقسیم وتنظیم کے بعدسب سے بڑی علاقائی جماعت نیشنل کانفرنس کواُسوقت ایک پہلا بڑا دھچکا لگا ،جب پارٹی کے صوبائی صدرجموں اورایک سینئرلیڈر نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کے محض ایک روز بعدبھاجپا میں شمولیت اختیار کی۔دویندر سنگھ رانا اورسرجیت سنگھ سلاتھیہ نے سوموار کے روز مرکزی راجدھانی نئی دہلی میں مرکزی وزراء ہردیپ سنگھ پوری،دھرمیندر پردھان اورڈاکٹر جتندرسنگھ کی موجودگی میں بھاجپا میں باضابطہ طورپرشمولیت اختیار کرلی جبکہ اسوقت وہاں بھاجپاکی جموں وکشمیرشاخ کے صدررویندر رینا ،سینئر لیڈرکویندرگپتااوردیگرکئی سینئرلیڈران بھی موجودتھے ۔خیال رہے گزشتہ کچھ وقت سے اسبات کی قیاس آرائیوں کی جارہی تھیں کہ سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کے خاص الخاص اورقریبی رفیق دویندرسنگھ رانانیشنل کانفرنس سے الگ ہوکر بھاجپا میں شامل ہورہے ہیں ،تاہم ان قیاس آرائیوں کوگزشتہ ہفتے اُسوقت قدرے لگام لگی ،جب دویندرسنگھ رانانے سری نگرآکر فاروق عبداللہ اورعمرعبداللہ کیساتھ ملاقات کرنے کے بعدنامہ نگاروں کوبتایاکہ میں ابھی بھی نیشنل کانفرنس کاحصہ ہوں ۔تاہم اس معاملے نے اتوار کواُسوقت فیصلہ کن موڑ لیا ،جب دویندرسنگھ رانا اورپارٹی کے ایک سینئر لیڈر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے اپنااپنا استعفیٰ پارٹی کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ کوارسال کردیا،اورکچھ وقت بعدنیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک ٹویٹ میں اسبات کی جانکاری دی گئی کہ پارٹی صدرڈاکٹر فاروق نے دویندر سنگھ رانا اورسرجیت سنگھ سلاتھیہ کااستعفیٰ منظورکرلیاہے۔یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ دویندرسنگھ رانا،بھاجپا کے سینئرلیڈر اورمرکزی وزیر جتندرسنگھ کے چھوٹے بھائی ہیں ،لیکن آج تک دونوں بھائی الگ الگ نظریات کی حامل سیاسی پارٹیوںمیں شامل رہے تاہم سوموار کودونوں بھائیوںکاسیاسی ملن بھی ہوگیا۔