سرینگر: پاکستان کے نام ایک مرتبہ پھر سخت پیغام دیتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا کہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور کہا کہ سرجیکل اسٹرائک سے ہم نے یہ بتایا دیا ہے کہ بھارت کے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھی جائے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق نیشنل ڈیفنس کالج نئی دلی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہندستانی فوج کو اپنے ہتھیار اور دیگر ضروریات کے لئے کسی ایک ملک پر منحصر نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوجی ضرورتوں کے لئے مسلسل بندشوں کے خطرے سے باہر نکلنا ہو گا۔چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے کہا ‘ مشرقی لداخ میں ہندستان اور چین کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن پر صورت حال کچھ حد تک کنٹرول میںہے تاہم اس کشیدگی میں کمی آئی نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لائن آف ایکچول کنٹرول میں کسی بھی تبدیلی کو قبول نہیں کریں گے’۔سابق فوجی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ بالاکوٹ اور سرجیکل اسٹرائک سے ہم نے پاکستان کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے۔ تین دہائیوں سے پاکستان کی فوج اور اس کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی جموں وکشمیر میں جنگ چھیڑے ہوئے ہیں۔ اب تیزی سے سوشل میڈیا پر ہندستان مخالف بیان بازی شروع ہو رہی ہے اور ہندستان کے اندر سماجی بھید بھاو پیدا کرنے کے لئے جھوٹی فرقہ وارانہ کہانیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جمو ں کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑ نے کی کسی کو اجاز ت نہیں دی جا سکتی ہے ۔